نیپال: برفانی تودہ گرنے کے سبب ہملونگ بیس کیمپ سے کئی افراد لاپتہ

منانگ ضلعی انتظامیہ کے دفتر نے ہمالیہ کے بلند علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش اور برف باری کی پیش گوئی کے پیش نظر 25 سے 27 ستمبر تک کئی بلند علاقوں میں ٹریکنگ پر پابندی عائد کر دی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

نیپال کے منانگ ضلع میں ماؤنٹ ہملونگ بیس کیمپ پر اتوار (27 ستمبر) کو آئے برفیلے طوفان (برفانی تودہ) کے بعد کئی نیپالی ایکسپیڈیشن گائیڈ اور ملازمین لاپتہ ہیں۔ مہم سے وابستہ کمپنیوں نے یہ اطلاع دی ہے۔ چڑھائی شروع کرنے سے قبل یہ لوگ بیس کیمپ میں رسیاں لگانے اور ٹینٹ لگانے کے لیے موجود تھے۔ مہم سے وابستہ منتظم کمپنی کے جنرل مینیجر برون بھنڈاری نے کہا کہ ’’ہمیں اطلاع ملی ہے کہ برف کھسکنے کے بعد ہمارے 6 سے زائد ملازمین لاپتہ ہیں، لیکن ہم اس تعداد کی تصدیق نہیں کر سکتے کیونکہ اتوار کی صبح اپنے ایک ملازم سے تھوڑی دیر بات کی تھی، حالانکہ اس کے بعد ان سے رابطہ نہیں ہو پایا ہے۔‘‘

برون بھنڈاری نے مزید بتایا کہ ان کی کمپنی کے 20 سے زائد ملازمین بیس کیمپ والی ٹیم کا حصہ تھے۔ اسی طرح ایک اور کمپنی نے بھی تصدیق کی کہ اس کے کچھ ملازمین برفانی تودے کی زد میں آئے ہیں، لیکن انہوں نے تعداد نہیں بتائی۔ ’کاٹھمنڈو پوسٹ‘ نے ٹریکنگ افسران کے حوالے سے خبر دی ہے کہ منانگ کے نار فو علاقے میں ہملونگ ہمال پر برفانی تودہ گرنے کے بعد تقریباً 14 نیپالی لاپتہ ہیں۔


منانگ ضلع کے چیف ڈسٹرکٹ آفیس مکتی پرساد کھنل نے کہا کہ لاپتہ لوگوں کی تعداد کی ابھی تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جس علاقے میں برفانی تودہ گرا ہے وہاں ریسکیو آپریشن کے لیے ہیلی کاپٹر بھیجے گئے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ تازہ ترین واقعہ نیپال-چین کی سرحد کے قریب ایک تباہ کن سیلاب کے صرف ایک ماہ بعد پیش آیا ہے۔ اس آفت میں ایک بڑے گلیشیئر کے ٹوٹنے اور لینڈسلائیڈنگ کے باعث 1400 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے اور 5000 سے زائد لاپتہ بتائے گئے۔ قابل ذکر ہے کہ سیاحت نیپال کی آمدنی کے اہم ذرائع میں سے ایک ہے۔ بھوٹے کوشلی سیلاب کی تباہی کے بعد سے ہی ملک سیاحوں سے نیپال آنے کی اپیل کر رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ ملک کے باقی حصے محفوظ ہیں۔

اس سے قبل منانگ ضلعی انتظامیہ کے دفتر نے ہمالیہ کے بلند علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش اور برف باری کی پیش گوئی کے پیش نظر 25 سے 27 ستمبر تک کئی بلند علاقوں میں ٹریکنگ پر پابندی عائد کر دی تھی۔ دفتر نے کہا تھا کہ خراب موسم کے باعث جان و مال کے نقصان کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ضلعی سیکورٹی کمیٹی کے فیصلے کے بعد یہ پابندی عائد کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ نیپال میں 24 ستمبر سے ملک کے کئی حصوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے، جس سے کئی دریاؤں میں پانی کی سطح کافی بڑھ گئی ہے۔ اس کے باعث حکام نے دریاؤں کے کنارے رہنے والے لوگوں کو بلند علاقوں میں منتقل ہونے کا مشورہ دیا ہے۔