ایم کیو-9 ڈرون تباہ، آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر نذر آتش، کئی شہروں پر میزائل حملے، امریکہ-ایران جنگ پھر عروج پر
ایرانی میڈیا اور آئی آر جی سی کے مطابق ایران نے بوشہر کے اوپر پرواز کر رہے ایک امریکی ایم کیو-9 ریپر ڈرون کو مار گرایا ہے۔ تقریباً 3.4 کروڑ ڈالر کی قیمت والا یہ ڈرون کچھ ہی لمحوں میں تباہ ہو گیا۔

امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ ایک بار پھر عروج پر پہنچ چکی ہے، اور اس نے مکمل طور پر تباہ کن شکل اختیار کر لی ہے۔ امریکہ اور ایران دونوں ہی ایک دوسرے کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس جنگ کے دوران ایران نے کئی بڑے دعوے بھی کیے ہیں۔ ایرانی میڈیا اور اسلامک ریولوشنری گارڈ کورپس (آئی آر جی سی) کے مطابق ایران نے بوشہر کے اوپر پرواز کر رہے ایک امریکی ایم کیو-9 ریپر ڈرون کو مار گرایا ہے۔ ایرانی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ تقریباً 3.4 کروڑ ڈالر کی قیمت والا یہ ڈرون کچھ ہی لمحوں میں تباہ ہو گیا۔ اسی دوران ایران کے سرکاری ٹی وی اور تسنیم نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کے جنوب میں 2 آئل ٹینکرس مائن فیلڈ سے گزرنے کے وقت دھماکے کا شکار ہو گئے اور ان میں بھیانک آگ لگ گئی۔ ایرانی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت اور اردن میں واقع امریکی کیمپوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی میڈیا کا دعوی ہے کہ امریکہ کے ذریعہ درجنوں ایئر ڈیفنس میزائلیں چھوڑے جانے کے باوجود ایران کی میزائلوں نے اردن کے اس ’موفق السلطی ایئر بیس‘ پر حملہ کیا ہے، جہاں امریکی فوج موجود ہے۔ ایران کی سرکاری میڈیا تسنیم نے آئی آر جی سی کی بحریہ کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکی جارحیت اور حملوں کی وجہ سے آبنائے ہرمز اس وقت پورے طور پر غیر محفوظ اور بند ہے۔ ایرانی بحریہ کی وارننگ کے باوجود دو ٹینکرس آگے بڑھ رہے تھے، جس کے بعد وہ مبینہ طور پر بارودی سرنگوں والے علاقے میں پہنچ گئے۔ ایرانی بحریہ نے اس روٹ سے گزرنے کے لیے منع کیا تھا۔ لیکن دونوں ٹینکرس نے وارننگ کو نظر انداز کیا۔ اس واقعہ کے بعد عالمی تیل کی منڈی میں افرا تفری کا اندیشہ ہے۔ سمندر اور آسمان میں جاری اس تباہی کے درمیان امریکی ایئر فورس نے ایران کی سرزمین پر حملے کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے کئی حصوں میں یکے بعد دیگرے بڑے دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ ایران کی تسنیم ایجنسی کے مطابق وسطی ایران کے تاریخی شہر یزد میں یکے بعد دیگرے 5 زبردست دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ جنوب مغربی فارس صوبے کے لاس علاقے کے مضافاتی حصوں میں بھی ایک بڑے دھماکے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ایران کی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق جنوب مغربی خوزستان صوبے کے اہم شہر اہواز پر امریکی میزائلوں سے بڑا حملہ کیا گیا ہے، جس کی تصدیق مقامی حکام نے بھی کی ہے۔ بہرحال، امریکہ کی جانب سے ایم کیو-9 ڈرون گرائے جانے، ٹینکر میں دھماکے یا ایران کے مختلف شہروں میں حملوں کے حوالے سے کوئی آفیشیل بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
