پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ملاقات
وزیراعظم دفتر کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان کا بطور صدرِ متحدہ عرب امارات پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھااور ان کا آمد پر نہایت گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کی پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں جاری تعاون کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، رہنماؤں نے خطے اور عالمی سطح کی اہم صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ جاری رکھنے کے عزم کی توثیق کی، دو طرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیر اعظم دفتر کے مطابق یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زایدالنہیان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے روانہ ہوگئے۔وزیراعظم دفترکے اعلامیے کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان کا بطور صدرِ متحدہ عرب امارات پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا، آمد پر انہیں نہایت گرم جوشی اور احترام کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا، شاہی طیارے کے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی جے ایف۔17 طیاروں نے استقبال کیا۔
نور خان ایئربیس پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔کابینہ کے دیگر سینئر اراکین اور سرکاری افسران بھی نور خان ایئربیس پر موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔