میکسیکو میں غم کا ماحول، طیارہ حادثہ میں 6 ہلاکتیں اور زلزلہ میں 5 افراد جاں بحق

میکسیکو کے جنوبی علاقے میں 7 اعشاریہ 4 شدت کے زلزلے میں پانچ لوگوں کے ہلاک اور 30 سے زائد لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

میکسیکو میں زلزلہ کے بعد کئی ماکانات منہدم ہو گئے (تصویر سوشل میڈیا)
میکسیکو میں زلزلہ کے بعد کئی ماکانات منہدم ہو گئے (تصویر سوشل میڈیا)
user

قومی آوازبیورو

میکسیکو میں دو ایسے حادثات سرزد ہوئے ہیں جس کی وجہ سے غم کا ماحول چھایا ہوا ہے۔ ایک طرف تو طیارہ حادثہ کی خبر سامنے آ رہی ہے جس میں پائلٹ سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، اور دوسری طرف زلزلہ کے شدید جھٹکے کی وجہ سے 5 افراد کی موت واقع ہو گئی۔ زلزلہ میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

طیارہ حادثہ کے تعلق سے بتایا جا رہا ہے کہ میکسکو واقع چہواہوا میں ہلکا طیارہ سیسنا میں پائلٹ سمیت سوار 6 افراد کی موت ہو گئی۔ ریاست کے پراسیکیوٹر دفترنے بدھ کو ایک بیان جاری کر اس سلسلے میں بتایا کہ جانچ کرنے والوں کو بالیجا میونسپلٹی میں پائلٹ اور پانچ مسافروں کی لاشوں کے ساتھ ایک تباہ شدہ سیسنا طیارہ ملا ہے۔ بیان کے مطابق اس طیارے نے ایک دن قبل کیمارگو میونسپلٹی سے سینالوا ریاست کے گواساوے کی جانب پرواز بھری تھی لیکن اپنی منزل تک نہ پہنچ سکا۔ منگل کی صبح ایک ہوائی تلاش مہم میں چہواہوا اور سنیالوا ریاتوں کی سرحد کے نزدیک اس کا ملبہ ملا۔


دوسری طرف میکسیکو کے جنوبی علاقے میں 7 اعشاریہ 4 شدت کے زلزلے میں پانچ لوگوں کے ہلاک اور 30 لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری کردی گئی۔ زلزلے کی شدت کے باعث بلند عمارتیں لرز گئیں۔ میکسیکو سیکورٹی اور سول پروٹیکشن سکریٹریٹ کے ذریعہ 4 اموات کی اطلاع ملی ہے۔ پانچویں موت کی اطلاع اوکاسا کے گورنر الیجینڈرو مرات نے دی۔ قومی شہری تحفظ اتھارٹی کے ذریعہ دی گئی اطلاع کے مطابق 30 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔


بتایا جاتا ہے کہ زلزلے کےجھٹکوں سے خوفزدہ ہو کر اسپتالوں سے ڈاکٹرز، نرسیں اور مریض بھی باہر نکل آئے۔ کچھ افراد جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور زار و قطار روتے نظر آئے۔ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ بعض مقامات پر سڑکوں پر گڑھے پڑگئے۔ قابل ذکر ہے کہ 2017 میں میکسیکو میں سات اعشاریہ ایک شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے 35 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔