چین کے کیمیکل پلانٹ میں زوردار دھماکہ، 5 لوگوں کی موت، 19 زخمی

دھماکہ شانڈونگ صوبہ میں واقع سرکاری شانڈونگ یوداؤ کیمیکل پلانٹ میں ہوا جو کلورپائریفاس کا دنیا کا سب سے بڑا پیداوار کنندہ ہے۔ اس پلانٹ میں 500 سے زیادہ ملازمین کام کرتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

چین کے مشرقی شانڈونگ صوبہ میں منگل کو ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک کیمیکل پلانٹ میں شدید دھماکے میں 5 لوگوں کی موت جبکہ 19 زخمی ہو گئے۔ ساتھ ہی حادثے میں 6 لوگ لاپتہ بھی بتائے جاتے ہیں۔ چین نے اس دھماکہ کا ویڈیو انٹرنیٹ میڈیا پر جاری کیا ہے۔

مقامی باشندے کے ذریعہ اشتراک کیے گئے ویڈیو کے مطابق دھماکہ اتنا طاقتور تھا کہ کارخانے سے تین کلومیٹر سے زیادہ دور ایک اسٹوریج گودام کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔ شخص نے کہا کہ دھماکہ سے اس کا گھر ہل گیا۔ جب وہ یہ دیکھنے کے لیے کھڑکی کے پاس گیا کہ کیا گڑبڑ ہے تو اس نے سات کلومیٹر سے زیادہ دور سائٹ سے دھوئیں کا ایک لمبا غبار دیکھا۔


چین کی سرکاری ایجنسی ’ژنہوا‘ نے بتایا کہ یہ دھماکہ شانڈونگ صوبہ میں واقع سرکاری شانڈونگ یوداؤ کیمیکل پلانٹ میں ہوا جو کیڑے مار دوا کلورپائریفاس کا دنیا کا سب سے بڑا پیداوار کنندہ ہے۔ یہ پلانٹ ویفانگ شہر کے ایک صنعتی پارک میں واقع ہے۔ کارپوریٹ رجسٹریشن ریکارڈ کے مطابق یہاں کیڑے مار دوا کے ساتھ ساتھ طبی استعمال کے لیے کیمیکل بھی بنایا جاتا ہے۔ اس میں 500 سے زیادہ ملازمین کام کرتے ہیں۔

حالانکہ دھماکہ کیسے ہوا اس کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ دھماکہ کے بعد آگ بجھانے کے لیے 230 سے زیادہ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو لگایا گیا۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں چین میں کیمیکل پلانٹ میں ہوئے دھماکوں میں 2024 میں شمال-مغربی علاقے ننگزیا میں اور 2023 میں جنوب-مشرقی جیانگشی میں ہوئے دھماکے شامل ہیں۔ 2015 میں بندرگاہ شہر تیانجن میں خطرناک اور آتش گیر کیمیکل گوداموں میں ہوئے دو بڑے دھماکوں میں 170 سے زیادہ لوگ مارے گئے اور 70 زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد چینی حکومت نے  کیمیکلز کے اسٹوریج سے متعلق قوانین کو سخت کر دیا۔ 2015 میں شانڈونگ کے ایک کیمیکل پلانٹ میں ہوئے دھماکے میں بھی 13 لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔