میانمار میں ’لینڈ سلائیڈ‘ کا دردناک حادثہ، 100 سے زائد افراد ہلاک

بچاؤ اور راحت رسانی میں لگی ٹیم کا کہنا ہے کہ علاقے میں زبردست بارش ہوئی جس کے بعد کیچڑ کا ایک بڑا سیلاب لہر کی طرح آیا اور اس کے نیچے پتھر اکٹھا کر رہے لوگ دب گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

میانمار میں ایک جیڈ مائن کی زمین کھسکنے کا دردناک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق شمالی میانمار میں یہ لینڈ سلائیڈ اس وقت ہوا جب مزدور پتھر جمع کرنے کا کام کر رہے تھے۔ حادثہ کے بعد فوری طور پر راحت رسانی کا کام شروع کیا گیا اور بڑی تعداد میں مزدوروں کی لاشیں باہر نکالی گئیں۔

ہندی نیوز پورٹل 'آج تک' پر شائع خبر کے مطابق چینی سرحد کے قریب کاچن ریاست میں زبردست بارش ہوئی تھی جس کے بعد مذکورہ حادثہ سرزد ہوا۔ میانمار فائر سروسز ڈیپارٹمنٹ نے اس حادثہ کے تعلق سے ایک فیس بک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ کاچن ریاست کے جیڈ والے ہاپ کانت علاقہ میں مزدور پتھر جمع کر رہے تھے، جہاں کان کھسکنے سے لینڈ سلائیڈ ہو گیا اور مزدوروں کی بڑی تعداد میں موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اب تک کل 113 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔


بچاؤ اور راحت رسانی میں لگی ٹیم کا کہنا ہے کہ علاقے میں زبردست بارش ہوئی جس کے بعد کیچڑ کا ایک بڑا سیلاب لہر کی طرح آیا اور اس کے نیچے پتھر اکٹھا کر رہے لوگ دب گئے۔ حادثہ کے گواہ بنے علاقے کے 38 سالہ شخص مون کھینگ نے کہا کہ انھوں نے کچرے کے ڈھیر کو دیکھا جو منہدم ہونے کے دہانے پر تھا اور جب وہ ایک تصویر لینے ہی والے تھے تب لوگ بھاگنے کے لیے چیخنے لگے۔ انھوں نے بتایا کہ ایک منٹ کے اندر سب لوگ اس کے نیچے آ گئے۔ وہاں کیچڑ میں پھنسے لوگ مدد کے لیے چیخ رہے تھے لیکن کوئی ان کی مدد نہیں کر پا رہا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔