وہائٹ ہاؤس کو ٹرمپ کے بعد بائیڈن کا انتظار

اگر صدر ٹرمپ نومنتخب صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کرتے تو 160 سال کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہو گا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

آج رات کو امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیدن امریکہ کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے حلف لیں گے جس کے بعد امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج پر پوری طرح مہر لگ جائے گی۔ بائیڈن کے حلف لینے کے ساتھ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ وہائٹ ہاؤس چھوڑ دیں گے۔

واضح رہے گزشتہ سال ہوئےامریکی صدارتی انتخابات پوری طرح مختلف تھے جس میں صدر ٹرمپ اپنی شکست قبول کرنےکےلئے تیار ہی نہیں تھےاور ان کا مستقل کہنا تھا کہ انتخابی نتائج میں دھاندلی ہوئی ہےاور نتائج ڈیموکریٹس نے چرا لئے ہیں۔ بات صرف یہیں تک نہیں تھی اب ان پر الزام ہےکہ انہوں نےاپنےحامیوں کو امریکی پارلیمنٹ ’کیپیٹل ہل‘ پر حملہ کےلئےاکسایا۔


جو بائیڈن کے استقبال کے لئے وہائٹ ہاؤس میں تیاریاں زور شور سےچل رہی ہیں اور ہر صورتحال سےنمٹنے کے لئے سیکیورٹی انتظامات بھی سخت کر دئے گئے ہیں ۔نو منتخب صدر کی حلف برداری کے لیے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ نو منتخب صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کیپٹل کمپلیکس میں حلف لیں گے جس کے اطراف خاردار تار لگائے گئے ہیں۔

واضح رہے کورونا وبا کےمعاملوں میں اضافہ کی وجہ سےحلف برداری کی تقریب کو محدود رکھا گیا ہے اور ضابطو ں پر عمل کرنے کو یقینی بنایا گیا ہے اور اسی وجہ سے بیشتر تقریبات کو ورچوئل رکھا گیا ہے۔ملک کی تمام 50 ریاستوں میں نئے صدر کے استقبال کے لیے میوزیکل بینڈ اور مختلف گروپس اپنے فن کا مظاہرہ بھی کریں گے۔


دوسری جانب صدر ٹرمپ نے اب تک انتخابات میں اپنی ناکامی تسلیم نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے نو منتخب صدر جو بائیڈن کو مبارک باد دی ہے۔تاہم ٹرمپ نے تسلیم کیا ہے کہ بدھ کو امریکہ کی نئی انتظامیہ اپنا کام سنبھالے گی۔

صدر ٹرمپ اعلان کر چکے ہیں کہ وہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے جب کہ نائب صدر مائیک پینس اس تقریب میں شریک ہوں گے۔اگر صدر ٹرمپ نومنتخب صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کرتے تو 160 سال کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہو گا۔ (انپٹ وی او اے)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔