امریکہ ایران میں اقتدار کی تبدیلی نہیں چاہتا: جے ڈی وینس کا بیان
امریکی نائب وزیر اعلیٰ جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ ایران میں اقتدار کی تبدیلی نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ فضائی حملوں میں کسی فوجی اڈے کو نشانہ نہیں بنایا گیا بلکہ ایٹمی پلانٹس کو نشانہ بنایا گیا۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے ایران میں کیے گئے فضائی حملوں نے تہران کے جوہری پروگرام کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران میں یہ حملہ اسرائیل کی نہیں بلکہ امریکی خفیہ ایجنسیوں کے ان پٹ پر کیا گیا۔
این بی سی کے میٹ دی پریس پروگرام میں انٹرویو کے دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے پوچھا گیا کہ کیا امریکہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ممکنہ قتل میں اسرائیل کا ساتھ دے گا؟ اس سوال کے جواب میں نائب صدر نے کہا کہ یہ اسرائیلیوں پر منحصر ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم ایران میں اقتدار کی تبدیلی نہیں چاہتے۔
گزشتہ ہفتے اسرائیل نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعہ بڑے پیمانے پر ایران پر حملے شروع کر دیے۔ اسرائیل نے یہ حملہ اس وقت کیا جب ایران پر الزام لگایا گیا کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کے بہت قریب ہے۔ تاہم اسرائیل کے حملوں کے بعد دونوں کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا۔ اس کے بعد ایران نے اسرائیل کے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا اور جوابی کارروائی میں اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملوں کی بارش کر دی۔
ایران کے ساتھ جاری تنازع کے درمیان اسرائیل نے اشارہ دیا تھا کہ وہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اسی دوران، 19 جون کو ایک اسرائیلی اسپتال پر ایرانی میزائل حملے کے بعد، اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دھمکی دی تھی کہ ایران کے اعلیٰ رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای کو زیادہ دیر تک زندہ نہیں رہنے دیا جا سکتا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔