’حماس رہنماؤں کو باہر نکالو ورنہ انجام بھگتنے کو تیار رہو‘، قطر کو اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی دھمکی
7 اکتوبر 2023 کے حملے کا موازنہ امریکہ میں ہوئے 11 ستمبر کے حملے سے کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ دوحہ میں اسرائیل نے جو ایکشن لیا ہے وہ امریکہ کے 11/9 حملے کے بدلے جیسا ہے۔

قطر کی راجدھانی دوحہ میں حملہ کرکے دنیا بھر میں تنقید کا سامنا کر رہے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کسی بھی طرح کا افسوس ظاہر کرنے کے موڈ میں نظر نہیں آ رہے ہیں۔ انہوں نے اب ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے قطر کو وارننگ دے دی ہے کہ وہ حماس کے رہنماؤں کو اپنے ملک سے نکال باہر کرے نہیں تو انجام بھگتنے اور اسرائیل کے انصاف کے لیے تیار رہے۔
یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے دوحہ میں جو ایکشن لیا ہے وہ امریکہ کے 11/9 حملے کے بدلے جیسا ہے۔ 7 اکتوبر 2023 کے حملے کا موازنہ امریکہ میں ہوئے 11 ستمبر کے حملے سے کرتے ہوئے یاہو نے کہا کہ ہولو کاسٹ کے بعد پہلی مرتبہ یہودیوں پر اتنا بڑا حملہ ہوا۔ ہم اسے کیسے بھول سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخر کار 11 ستمبر کے حملے کے جواب میں امریکہ نے کیا کیا تھا؟
اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ 11 ستمبر کے حملے کے فوراً بعد امریکہ نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں ایک قرار داد پیش کیا تھا، اس میں کہا گیا تھا کہ کوئی بھی دہشت گردوں کو پناہ نہ دے اور وہ جہاں بھی ہوں گے، وہیں پر مارا جائے گا۔ یاہو نے کہا کہ ہم بھی اسی پالیسی پر کام کر رہے ہیں۔ حماس کے جنگجو جہاں بھی ہوں گے، ہم انہیں مار گرائیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ قطر کی طرف سے حماس کے دہشت گردوں کو پناہ دی جا رہی ہے۔ ان کے لوگوں کو بنگلے دیے جا رہے ہیں اور پیسے دیے جا رہے ہیں۔ اسی رقم سے وہ اسرائیل کے خلاف دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔
نیتن یاہو نے کہا، ’’ہم وہی کر رہے ہیں جو امریکہ نے کیا تھا۔ جیسے انہوں نے افغانستان میں گھس کر دہشت گرد مارے تھے اور پاکستان میں بن لادین کو ڈھیر کیا تھا۔‘‘
واضح رہے کہ دوحہ میں اسرائیلی حملے کی تمام مسلم ممالک سمیت دنیا کے کئی دیگر ملکوں نے بھی شدید مذمت کی ہے۔ قطر کا کہنا ہے کہ راجدھانی دوحہ پر حملہ ہماری خود مختاری پر حملہ ہے اور ایسا کرکے اسرائیل نے پورے مشرق وسطیٰ میں جنگ کو ہوا دے دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔