دوست ٹرمپ کی گزارش کو اسرائیل نے کیا نظر انداز! تہران میں پھر ہوئے 2 دھماکے

میزان نیوز ایجنسی اور شارگ اخبار نے ایران کی راجدھانی تہران میں 2 تازہ دھماکے کی اطلاع دی ہے۔ دھماکہ سے کچھ گھنٹے قبل ہی امریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیل سے ایران پر بمباری نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>ڈونالڈ ٹرمپ/بنجامن نیتن یاہو (فائل)</p></div>

ڈونالڈ ٹرمپ/بنجامن نیتن یاہو (فائل)

user

قومی آواز بیورو

امریکی صدر ٹرمپ نے 24 جون کی صبح ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ اس کے چند گھنٹے بعد اسرائیل نے ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا اور اس نے ایران پر جوابی حملے بھی کیے۔ اس کے بعد ٹرمپ نے اسرائیل سے گزارش کی تھی کہ وہ ایران پر بمباری نہ کرے، ورنہ یہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوگی۔ اسرائیل نے اپنے دوست ٹرمپ کی اس گزارش کو نظر انداز کرتے ہوئے ایران پر پھر سے حملہ کر دیا ہے۔ یہ دعویٰ میزان نیوز ایجنسی اور شارگ اخبار کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب کچھ گھنٹے قبل ہی امریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیل سے ایران پر بمباری نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔

ایرانی اخبارات ’اعتماد‘ اور ’ہم میہان‘ کے مطابق تہران سے تقریباً 200 کلومیٹر کیسپین سمندر کے ساحل پر واقع بابول اور بابولسر شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ان علاقوں میں ہوائی ڈیفنس سسٹم کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک دھماکوں کے اسباب یا کسی نقصان کی آفیشیل طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ یہ واقعہ علاقے میں بڑھتی کشیدگی کو مزید کشیدہ کرنے والا ثابت ہو سکتا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ ایران-اسرائیل میں جنگ بندی کا اعلان کرنے والے امریکی صدر ٹرمپ نے کچھ گھنٹے قبل دونوں ہی ممالک پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔ ناٹو اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل وہائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران انھوں نے کہا کہ وہ اسرائیل سے خوش نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کا اعلان ہونے کے بعد اسرائیل کو بڑے حملے نہیں کرنے چاہیے تھے۔ ساتھ ہی ٹرمپ نے دوست اسرائیل کو تنبیہ کی تھی کہ اب ایران پر بم نہیں گرائے، ورنہ یہ جنگ بندی کی شدید خلاف ورزی ہوگی۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ایران نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، لیکن اسرائیل نے بھی اس کی خلاف ورزی کی۔ میں اسرائیل سے خوش نہیں ہوں۔‘‘

امریکی صدر ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ کے اپنے آفیشیل ہینڈل پر ایک پوسٹ بھی جاری کیا، جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اسرائیل... اب بم نہ گراؤ۔ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو یہ ایک بڑی خلاف ورزی ہے۔ آپ اپنے پائلٹس کو ابھی گھر واپس بلائیں۔‘‘ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ’’مجھے یہ پسند نہیں آیا کہ اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق ظاہر کرنے کے فوراً بعد پھر سے حملہ کر دیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔