کیا روس میں آیا زلزلہ ہیروشیما پر گرائے گئے جوہری بم سے 14300 گنا زیادہ طاقتور ہے؟
ایک رپورٹ کے مطابق 8.8 شدت کا زلزلہ 6.27 ملین ٹن ٹی این ٹی کے برابر ہوتا ہے، جو تقریباً 10 ہزار سے 14 ہزار ہیروشیما بموں کی رینج میں آتا ہے۔

علامتی تصویر، بشکریہ اے آئی
ترکیہ، تھائی لینڈ اور میانمار میں زلزلہ سے مچی تباہی کے نشان ابھی باقی ہی ہیں اور روس میں ایک تازہ و خوفناک زلزلہ نے تباہی کا ایک نیا منظرنامہ پیش کیا ہے۔ روس کے کامچٹکا جزیرہ میں 30 جولائی کی صبح طاقتور زلزلہ نے دستک دی۔ اس زلزلہ کی شدت اس سال اور اس سے پہلے کے کچھ سالوں میں آئے زلزلوں میں سب سے زیادہ درج کی گئی۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 8.8 بتائی گئی ہے۔ اس طاقتور زلزلہ کے بعد سمندر میں سنامی کی لہریں اٹھ رہی ہیں جس نے تباہی کا ایک دراز سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ روس کے ساتھ ساتھ جاپان اور ہوائی میں بھی سنامی نے اپنا قہر برپا کرنا شروع کر دیا ہے۔
روس میں آئے زلزلہ کے تعلق سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ہیروشیما پر گرائے گئے جوہری بم سے 14300 گنا طاقتور ہے۔ یعنی اس زلزلہ کی طاقت 14300 جوہری بم ایک ساتھ پھٹنے کے برابر ہے۔ روس میں 8.8 شدت کا جو زلزلہ آیا ہے، اسے اعلیٰ سطح کے زلزلہ والے زمرہ میں رکھا جاتا ہے۔ اس سے اتنی توانائی نکلتی ہے کہ وہ سڑکوں، عمارتوں اور یہاں تک کہ پورے شہر تک کو تباہ کر سکتی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ 8.8 شدت کے زلزلہ سے 9x10^17 جولس توانائی نکلتی ہے۔ جولس زلزلہ کی توانائی کی پیمائش کرنے والی یونٹ ہے۔ اس توانائی کی طاقت کا پتہ کرنے کے لیے اس کا موازنہ جوہری بم کے پھٹنے سے پیدا توانائی سے کرتے ہیں۔
1945 میں جاپان کے ہیروشیما میں جو جوہری بم گرایا گیا تھا، وہ 15 کلوٹن ٹی این ٹی کے برابر تھا۔ یعنی اس نے 6.3x10^13 توانائی چھوڑی۔ ایک کلو ٹن ٹی این ٹی 4.184x10^12 جولس کے برابر ہوتا ہے۔ اس طرح 8.8 شدت کے زلزلہ کی توانائی کو ہیروشیما بم کی توانائی سے موازنہ کرنے پر پتہ چلے گا کہ یہ کتنے جوہری بموں کے برابر ہے۔ 8.8 شدت کے زلزلہ کی توانائی 9x10^17 کو ہیروشیما بم کی توانائی 6.3x10^13 سے تقسیم دینے پر 1.43x10^4 جولس آتا ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ 8.8 شدت کے زلزلہ کی توانائی ہیروشیما پر گرائے گئے جوہری بم سے 14300 گنا زیادہ توانائی پیدا ہوتی ہے۔ حالانکہ کچھ رپورٹس میں یہ تعداد تقریباً 9000 ہیروشیما بموں کے برابر بھی بتائی گئی ہے۔
ریسرچ گیٹ کی اسٹڈی ’کمپیریجن بٹوین دی سسمک انرجی ریلیزڈ اَرتھ کویک وِتھ ٹنس آف ٹنس ٹی این ٹی‘ کے مطابق 8.8 شدت کا زلزلہ 6.27 ملین ٹن ٹی این ٹی کے برابر ہوتا ہے، جو تقریباً 10 ہزار سے 14 ہزار ہیروشیما بموں کی رینج میں آتا ہے۔ 8.8 شدت کے زلزلہ کو 9000 جوہری بموں کے برابر جو بتایا گیا ہے، اس کے شمار میں زلزلہ کی گہرائی اور فالٹ کی فطرت کی وجہ سے فرق ہو سکتا ہے۔ حالانکہ ریسرچ گیٹ کی رپورٹ کے مطابق اس اندازہ کو بھی درست مانا جا سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔