کینیڈا میں رتھ یاترا کے جلوس پر انڈے پھینکے جانے کا واقعہ سامنے آ یا، ہندوستان نے برہمی کا اظہار کیا
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اسکون کی 53ویں سالانہ رتھ یاترا کے دوران کچھ شرپسندوں کی جانب سے انڈے پھینکے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں نکالی جانے والی رتھ یاترا کے دوران کچھ شرپسند عناصر کی طرف سے انڈے پھینکے جانے کے واقعہ پر حکومت ہند نے سخت اعتراض کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اسے "بدقسمتی" قرار دیا اور کہا کہ یہ تہوار کی روح کے خلاف ہے، جو اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا، "ہم نے ٹورنٹو میں رتھ یاترا کے دوران شرپسندوں کی طرف سے گڑبڑ کی اطلاعات دیکھی ہیں۔ اس طرح کی قابل مذمت حرکتیں نہ صرف افسوسناک ہیں بلکہ تہوار کی جامع روح کے بھی خلاف ہیں۔" انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے یہ معاملہ کینیڈین حکام کے ساتھ سختی سے اٹھایا ہے اور مجرموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کینیڈا کی حکومت ہندوستانی کمیونٹی کے مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرے گی۔‘‘
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب انسٹاگرام صارف سنگنا بجاج نے اتوار کو ایک ویڈیو پوسٹ کیا، جس میں وہ اسکون کی رتھ یاترا میں حصہ لیتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی یاترا کم ہجوم والے علاقے میں پہنچی تو سڑک پر ٹوٹے ہوئے انڈے پڑے ہیں۔ بجاج نے دعویٰ کیا کہ یہ انڈے قریبی عمارت سے پھینکے گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔