جاپان کے شہر ’ٹویوکے‘ میں لوگ صرف 2 گھنٹے دیکھ پائیں گے اسمارٹ فون، میونسپلٹی نے مقرر کی ’ڈیلی اسکرین ٹائم‘ کی حد!
میونسپل اسمبلی نے تمام شہریوں کے لیے ’اسکرین ٹائم‘ کو 2 گھنٹے تک محدود کرنے والا ایک آرڈیننس منظور کیا ہے۔ اس کا مقصد اسمارٹ فون، پرسنل کمپیوٹر اور ٹیبلیٹ ڈیوائسز کے بہت زیادہ استعمال کو روکنا ہے۔

جاپان کے آئیچی صوبہ میں ٹویوکے میونسپلٹی نے ایک آرڈیننس جاری کر تمام شہریوں سے اسمارٹ فون کے استعمال کو محدود کرنے لیے کہا ہے۔ مقامی میڈیا نے منگل (23 ستمبر) کو بتایا کہ ٹویوکے کی میونسپل اسمبلی نے تمام شہریوں کے لیے روزانہ چھٹی سے متعلق ’اسکرین ٹائم‘ کو 2 گھنٹے تک محدود کرنے والا ایک آرڈیننس منظور کیا ہے۔ اس کا مقصد اسمارٹ فون، پرسنل کمپیوٹر اور ٹیبلیٹ ڈیوائسز کے بہت زیادہ استعمال کو روکنا ہے۔ اسے اسمبلی کے مکمل اجلاس میں اکثریت سے پاس کیا گیا۔ یکم اکتوبر سے مؤثر یہ مقامی قانون رہنمائی کے طور پر کام کرے گا۔ یہ طلبہ، آفس میں کام کرنے والے اور گھریلو کام کر رہے لوگوں پر نافذ نہیں ہوتا ہے۔ ساتھ ہی اس آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سزا کا کوئی التزام نہیں ہے۔
ٹویوکے کے میئر ماسافومی کوؤکی کے حوالے سے ’جاپان ٹائمز‘ نے مطلع کیا کہ یہ آرڈیننس شہر کے مکینوں کی صحت سے متعلق اقدامات کا صرف ایک حصہ ہے۔ اس کا مقصد شہریوں کو یہ بتانا ہے کہ اسمارٹ فون کا زیادہ استعمال ان کی نیند میں بھی خلل ڈال رہا ہے۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اسمارٹ فون کو مسترد نہیں کر رہے ہیں۔‘‘ اس آرڈیننس کا ایک مقصد فیملی کے درمیان باہمی رابطے کو فروغ دینا بھی ہے۔ یہ ابتدائی اسکول اور جونیئر ہائی اسکول کے طلبہ اور 18 سال سے کم عمر کے دیگر بچوں کے لیے رات 10 بجے کے بعد اسمارٹ فون اور دیگر گیجٹ کے استعمال سے پرہیز کرنے کی اپیل کرتا ہے۔
جاپانی میڈیا کی رپوٹ کے مطابق کچھ شہریوں نے دلیل دی ہے کہ میونسپلٹی کو فیملی معاملات میں دخل نہیں دینا چاہیے، جبکہ دیگر نے اس قدم کو اہل خانہ کے افراد کے ساتھ بات چیت کے مواقع کے طور پر لیا ہے۔ میونسپلٹی اسمبلی میں ایک ضمنی قرارداد کو بھی منظوری ملی ہے، جس میں شہر سے باقاعدگی سے اس کے اثرات اور شہریوں کی رائے جاننے کے بعد، ضرورت پڑنے پر آرڈیننس پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نپون ٹیلی ویژن نیٹ ورک (این ٹی وی) کے مطابق سابقہ مباحث کے دوران آرڈیننس کی حمایت کرنے والے کونسل کے ارکان نے بھی بار بار کہا کہ رہائشیوں کو دی گئی وضاحت ناکافی تھی۔ ’این ٹی وی‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سٹی کونسل نے ایک ضمنی قرارداد بھی پاس کیا، جس میں رہائشیوں کے طرز زندگی اور گھریلو ماحول کے تنوع کا احترام کرنے اور غلط فہمیوں سے بچنے کے لیے واضح اور مختصر معلومات فراہم کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔