پیراگوئے کے صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک منظور، بینک گھوٹالے میں اب ہوگی گرفتاری!

پیراگوئے کے آئین کے مطابق جمہوری طریقے سے منتخب ہونے والے سابق صدور کو سینیٹ میں تاحیات نشست اور پارلیمانی استثنیٰ حاصل ہوتا ہے، بشرطیکہ انہیں مواخذے کی سماعت میں قصوروار قرار نہ دیا گیا ہو۔

<div class="paragraphs"><p>سینٹیاگو پینا، تصویر ’ایکس‘&nbsp;@SantiPenap</p></div>
i

پیراگوئے کی سینیٹ نے صدر  سینٹیاگو پینا کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یواینو بینک گھوٹالے کے الزامات میں ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی چل رہی تھی، جس کے بعد سینیٹ میں ووٹنگ ہوئی۔ اس ووٹنگ میں موجود تمام 44 سینیٹرز نے صدر کو عہدے سے ہٹانے کے حق میں ووٹ دیا۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق استغاثہ نے ’یواینو بینک‘ کے دیوالیہ ہونے سے متعلق خیانت اور دیگر جرائم کے الزامات میں معزول صدر کو حراست میں لینے کا حکم دیا ہے۔

مقامی اخبار ’اے بی سی کلر‘ کے مطابق یہ حکم بینکنگ گھوٹالے کی جانچ کر رہی 4 استغاثہ افسران کی ایک ٹیم نے جاری کیا ہے اور اس پر عمل درآمد کے لیے قومی پولیس کو بھیج دیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’سنہوا‘ کی رپورٹ کے مطابق پینا پر پرائیویٹ بینک سے وابستہ مفادات کے ٹکراؤ، قواعد میں ردوبدل اور پنشن فنڈ کے غلط استعمال کے الزامات ہیں۔


’یواینو بینک‘ معاملے میں افسران کی مداخلت کے بعد پیدا ہونے والے بحران کے درمیان پینا نے جمعرات کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا تھا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے مواخذے سے بچنے کے لیے ایسا کیا۔ سینیٹ نے ان کے استعفیٰ کے خلاف 24-20 سے ووٹ دیا، لیکن کانگریس کے مشترکہ اجلاس میں یہ کارروائی مکمل نہیں ہو سکی، کیونکہ اراکین کے ایوان سے باہر چلے جانے کے باعث کورم (کارروائی کے لیے ضروری کم از کم تعداد) پورا نہیں ہو پایا۔

’چیمبر آف ڈپیوٹیز‘ (ایوانِ زیریں) نے پینا کے خلاف مواخذے کے الزامات کو منظوری دے دی تھی، جس سے سینیٹ میں ان کے خلاف سماعت کا راستہ صاف ہو گیا تھا۔ پینا نے اپنا دفاع پیش کرنے کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔ ان کا موقف تھا کہ انہیں مواخذے کے الزامات کی اطلاع جمعرات کی دیر رات ہی ملی تھی۔ بعد میں سینیٹ نے کہا کہ پینا اپنا دفاع پیش کرنے کے لیے حاضر نہیں ہوئے، جس کے بعد سینیٹ نے شواہد کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔ تاہم بعد میں ان کے دفاعی وکلاء کانگریس پہنچ گئے۔


’یواینو بینک‘ کے دیوالیہ ہونے کے بعد صدر کو مواخذے کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بینک کے دیوالیہ ہونے سے تقریباً 30 لاکھ صارفین اپنے کھاتوں سے رقم نہیں نکال پا رہے تھے۔ پیراگوئے کے آئین کے مطابق جمہوری طریقے سے منتخب ہونے والے سابق صدور کو سینیٹ میں تاحیات نشست اور پارلیمانی استثنیٰ حاصل ہوتا ہے، بشرطیکہ انہیں مواخذے کی سماعت میں قصوروار قرار نہ دیا گیا ہو۔ اس لیے پینا عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ان خصوصی مراعات سے محروم ہو گئے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔