روس میں ناجائز کال سنٹرس پر چھاپہ ماری، ہندوستان سمیت کئی دیگر ممالک میں کیا جاتا تھا فراڈ کال
ایف ایس بی نے بتایا کہ ’’یہ سبھی کال سنٹرس ایک بین الاقوامی منظم جرائم گروپ کا حصہ تھے جو رقم لین دین کی آڑ میں ہندوستان، برطانیہ، کناڈا، برازیل، جاپان وغیرہ کی عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کرتے تھے۔

علامتی تصویر، سوشل میڈیا
روس میں کچھ کال سنٹرس پر چھاپہ ماری کی گئی ہے جو ہندوستان سمیت دیگر ممالک کی عوام کو فون کر دھوکہ دہی کیا کرتے تھے۔ روس کی فیڈرل سیکورٹی سروس (ایف ایس بی) نے 9 دسمبر کو انکشاف کیا کہ اس نے ہندوستان سمیت کئی دیگر ممالک کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کرنے والے کال سنٹر کے بین الاقوامی نیٹورک پر چھاپہ ماری کی اور اسے بند کر دیا۔
اس بارے میں تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ ’ناجائز سرگرمیاں‘ جارجیا کے سابق وزیر دفاع اور ملٹن گروپ کے بانی ڈی. کازیراسولی کے مفادات میں چلائی جا رہی تھیں۔ وہ فی الحال لندن میں روپوش ہیں۔ ایف ایس بی نے ایک بیان میں بتایا کہ ’’یہ سبھی کال سنٹرس ایک بین الاقوامی منظم گروپ کا حصہ تھے، جو رقم لین دین کی آڑ میں یوروپی یونین، برطانیہ، کناڈا، برازیل، ہندوستان، جاپان جیسے ممالک کے لوگوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کرتے تھے۔‘‘
دی گئی جانکاری کے مطابق 50 سے زائد ممالک میں رہنے والے تقریباً ایک لاکھ لوگ مذکورہ کال سنٹرس کی غیر قانونی سرگرمیوں کے شکار بنے۔ اس دھوکہ دہی سے ہونے والی آمدنی ایک دن میں ایک ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ ایف ایس بی کے بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آپریشنل جانچ سرگرمیوں کی وجہ سے روس میں چل رہے کال سنٹرس کے سرکردہ لوگوں کی شناخت بھی کی گئی۔ ان میں اسرائیل و یوکرین کے شہری کیسلمین وائی. ڈی. (حراست میں) اور اسرائیل و جارجیا کے شہری ٹوڈوا ڈی. (مطلوب) شامل ہیں۔ انھوں نے 2022 میں یوکرین کی سیکورٹی سروس (ایس بی یو) کی ہدایت پر ماسکو، کرسک، براینسک اور بیلگورود میں اہم بنیادی ڈھانچے پر دہشت گردانہ حملوں کی تیاری کے بارے میں گمنام پیغامات کی تشہیر کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ ایف ایس بی ایک فیڈرل ایگزیکٹیو باڈی ہے جس کی سرگرمیوں کی نگرانی خود روسی صدر ولادمیر پوتن کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔