’امریکہ نے جنگ ختم کرنے کی شرط مان لی تو کھول دیں گے آبنائے ہرمز‘، ایران نے دیا 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’’امریکی ووٹرز نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ اب وائٹ ہاؤس کو بھی فیصلہ کرنا چاہیے۔ ہماری 2 دنوں والی تجویز اب بھی قائم ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>عباس عراقچی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ کو 2 دن کی مہلت دیتے ہوئے ایک تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر امریکہ تمام محاذوں پر جنگ ختم کرنے کی شرط مان لیتا ہے تو ایران 48 گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز کھول دے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے ایسا نہیں کیا تو ایرانی فوج اس پر خوفناک حملہ کرے گی۔

عراقچی نے اتوار کو ایران کے سرکاری میڈیا ادارے اِرنا کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔ اس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بھی ایک پوسٹ کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ ’’امریکی ووٹرز نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ اب وائٹ ہاؤس کو بھی فیصلہ کرنا چاہیے۔ ہماری 2 دن والی تجویز اب بھی برقرار ہے۔ تمام محاذوں پر جنگ ختم کرنے سمیت ہماری شرائط مان لیجیے اور نتائج دیکھیے۔ ورنہ جنگ کا راستہ اختیار کیجیے اور ہمارے تیار فوجیوں کے حملوں کا سامنا کیجیے۔‘‘


عراقچی نے کہا کہ امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان امن معاہدے کے لیے بات چیت آگے نہیں بڑھ سکی ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے ثالثی کرنے والے ممالک کے نمائندوں کی آمد و رفت بھی بند ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابی نتائج کے باعث امریکہ میں سیاسی ہلچل مچی ہوئی ہے۔ عراقچی کے مطابق اب یہ دیکھنا ہوگا کہ امریکہ سفارت کاری کا راستہ اختیار کرتا ہے یا فوجی کارروائی کرتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ایران جنگ کے کسی بھی امکان کے لیے تیار ہے۔ ایرانی فوج نے اپنے ہتھیاروں کو مزید بہتر بنایا ہے، اپنی کمزوریوں کو دور کیا ہے اور نئے ہتھیاروں کا تجربہ بھی کیا ہے۔‘‘

اس درمیان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے فلوریڈا میں کہا کہ ایران کے مطالبات قبول نہیں کیے جا سکتے۔ کئی ممالک دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن فی الحال کسی معاہدے کی امید نظر نہیں آ رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ سفارت کاری کے ذریعہ تنازعہ حل کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایران کے کچھ مطالبات ناقابل عمل اور مضحکہ خیز ہیں۔ روبیو فرانس میں ہونے والی جی-7 میٹنگ میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل اتوار کو یہ بات کہہ رہے تھے۔


قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اتوار کو سی این این سے کہا ہے کہ اگر بات چیت آگے بڑھتی ہے تو شاید ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ یہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ ایران ایک مضبوط معاہدے پر دستخط کرتا ہے یا نہیں۔ ٹرمپ نے ایران کو کمزور ملک قرار دیتے ہوئے وہاں 301 فیصد مہنگائی ہونے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایران کو فوجی اور اقتصادی اعتبار سے کافی نقصان پہنچایا ہے۔ ضرورت پڑنے پر اسے پوری طرح ختم کیا جا سکتا ہے۔ اس سے پہلے جمعرات کو ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی فوج ایران پر حملے کے لیے تیار ہے اور امریکہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہتھیار تیار کر رہا ہے۔

بہرحال، امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد ٹرمپ نے ایران جنگ کے حوالے سے اپنا موقف کسی حد تک نرم کیا ہے۔ نائب صدر جے ڈی وینس نے انتخابی شکست کے لیے ایران جنگ کے امریکی عوام پر پڑنے والے اثرات کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ ٹرمپ نے بھی تسلیم کیا کہ جنگ سے انتخابی نتائج متاثر ہوئے، تاہم انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ دوبارہ ایسا کریں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔