’میں بھاگوت کے پروگرام کی مخالفت کرتا ہوں‘، آر ایس ایس چیف کی ریلی پر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کا سخت رد عمل

بھاگوت کے دورۂ امریکہ کے منتظم ’اہیڈ فورم‘ نے سوشل میڈیا پر واضح کیا کہ ’یونیورسل وَنس‘ پروگرام کا مقصد پوری دنیا کو متحد کرنا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت / ٹوئٹر / @RSSorg</p></div>
i

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے 100 سال مکمل ہونے پر عالمی رابطہ پروگرام کے تحت آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ 29 اگست (ہفتہ) کو نیویارک کے مشہور میڈیسن اسکوائر گارڈن میں منعقد ہونے والے ’یونیورسل ونس‘ پروگرام میں تقریباً 5,000 ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کرنے والے ہیں۔ اس پروگرام کی تاریخ طے ہونے کے بعد سے ہی امریکہ میں سیاست اور احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔

نیویارک شہر کے پہلے ہند نژاد امریکی میئر ظہران ممدانی نے 25 اگست کو دیے گئے اپنے ایک بیان میں اس پروگرام پر سخت اعتراض ظاہر کیا۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا میڈیسن اسکوائر گارڈن میں مجوزہ آر ایس ایس چیف کے پروگرام کو منسوخ کیا جانا چاہیے؟ تو انہوں نے کہا کہ ’’میں اس ریلی کی حمایت نہیں کرتا، لیکن مجھے نہیں معلوم کہ کسی پرائیویٹ پروگرام کو منسوخ کرنے کا اختیار شہر کے پاس ہے یا نہیں۔‘‘


اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے میئر ممدانی نے کہا کہ ’’میں یہاں شہر کی تاریخ میں پہلے ہند نژاد امریکی میئر کے طور پر کھڑا ہوں۔ میری ماں کا پورا خاندان آج بھی ہندوستان میں رہتا ہے۔ جس ہندوستان کے بارے میں مجھے میرے خاندان نے بتایا ہے اور جسے دیکھ کر میں بڑا ہوا ہوں، وہ ایک کثیرالمذاہب معاشرہ اور ایک ایسا سیکولر جمہوریہ ہے جو ہر ہندوستانی شہری کی شمولیت پر یقین رکھتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک میں بائیکاٹ اور امتیاز کے جذبے پر مبنی تحریکوں کا ابھرنا انتہائی تشویشناک ہے۔ وہ نہ صرف ایک ہند نژاد امریکی ہونے کے ناطے، بلکہ ایسے شہر کے میئر کی حیثیت سے بھی اس طرح کے نظریے کی سخت مخالفت کرتے ہیں، جو ہر مذہب، رنگ اور ذات کے فرد کے وجود اور حقوق کا احترام نہیں کرتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بھاگوت کے اس پروگرام کی مخالفت صرف سیاسی حلقوں تک محدود نہیں ہے۔ ’ہندوز فار ہیومن رائٹس‘، ’انڈین امریکن مسلم کونسل‘ اور ’انٹر فیتھ سنٹر آف نیویارک‘ جیسی کئی بین المذاہب اور شہری حقوق کی تنظیموں نے نیویارک سٹی ہال کے باہر احتجاج کیا۔ ان تنظیموں نے میڈیسن اسکوائر گارڈن انتظامیہ سے اس پروگرام کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


دوسری جانب بھاگوت کے اس دورے کے منتظم ’اہیڈ فورم‘ نے سوشل میڈیا پر واضح کیا کہ ’یونیورسل ونس‘ پروگرام کا مقصد پوری دنیا کو متحد کرنا ہے۔ تنظیم نے لکھا کہ اس پروگرام کا ابدی اور عالمگیر پیغام ’وسودیو کٹمبکم‘ (دنیا ایک خاندان ہے) ہے۔ یہ پروگرام لوگوں سے مصنوعی تقسیم اور اختلافات سے اوپر اٹھ کر باہمی احترام، ہم آہنگی اور اتحاد کے جذبے کو اپنانے کی اپیل کرتا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔