ڈومنیکن ریپبلک میں خوفناک حادثہ، نائٹ کلب کی چھت گرنے سے 27 افراد جاں بحق، 150 سے زائد زخمی

سنٹرل ایمرجنسی آپریشنز کے ڈائریکٹر جوان مینوئل مینڈیز نے بتایا کہ ’’ملبہ کے نیچے اب بھی کئی لوگوں کے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔ ہمارا اندازہ ہے کہ کچھ لوگ اب بھی زندہ ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>نائٹ کلب کی گری ہوئی چھت کا ملبہ، ویڈیو گریب</p></div>

نائٹ کلب کی گری ہوئی چھت کا ملبہ، ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

ڈومنیکن ریپبلک کی راجدھانی سینٹو ڈومنگو میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ شہر کے مشہور جیٹ سیٹ نائٹ کلب کی چھت اچانک منہدم ہو گئی، جس میں کم از کم 27 لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں 150 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے اور لوگوں سے خون عطیہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ حادثہ کے وقت نائٹ کلب میں زبردست بھیڑ موجود تھی، کیونکہ وہاں لائیو میوزک پرفارمنس چل رہا تھا۔ حادثہ کے بعد نائٹ کلب میں افرا تفری مچ گئی۔

حادثہ کے بعد سنٹرل ایمرجنسی آپریشنز کے ڈائریکٹر جوان مینوئل مینڈیز کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ’’ملبہ کے نیچے اب بھی کئی لوگوں کے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔ ہمارا اندازہ ہے کہ کچھ لوگ اب بھی زندہ ہیں اور جب تک آخری شخص کو باہر نہیں نکالا جاتا، تب تک ہم ریسکیو آپریشن نہیں روکیں گے۔‘‘ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حادثہ میں مشہور میرنگیو گلوکار روبی پیریز بھی زخمی ہو گئے ہیں۔ وہ حادثے کے وتق اسٹیج پر ہی پروگرام پیش کر رہے تھے۔


ڈومنیکن ریپبلک کے صدر لوئس ابیناڈیر نے اس حادثہ پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا ہے کہ ’’ہم جیٹ سیٹ نائٹ کلب میں ہوئے حادثہ سے بے حد غمزدہ ہیں۔ ہماری سبھی ایجنسیاں متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے بغیر رکے کام کر رہی ہیں۔‘‘ صدر ابیناڈیر نے خود جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا اور وہاں اپنوں کی تلاش کر رہے لوگوں سے ہمدردی ظاہر کی۔

اس حادثہ کی وجہ کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے، لیکن پتہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ جانچ ایجنسیاں موقع پر موجود ہیں اور ریسکیو ٹیمیں بھی اپنا کام کر رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے بلڈنگ کی تعمیر میں پہلے سے ہی کوئی کمی رہی ہو، یا پھر وہاں کیے گئے تعمیراتی کام میں لاپروائی اس حادثہ کی وجہ ہو۔ حادثہ کے بعد سے ہی نائٹ کلب کے سیکورٹی نظام پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔ جانچ مکمل ہونے تک کلب کو سیل کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔