ٹرمپ اور پوتن بات چیت کے دوران ہلیری کلنٹن کی دلچسپ پیش کش
ہلیری کلنٹن نے کہا کہ اگر روس یوکرین جنگ ایسے ختم ہو کہ یوکرین کو روس کے لیے اپنی سرزمین نہ چھوڑنی پڑے تو وہ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کردیں گی۔

سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا کہ اگر ٹرمپ روس یوکرین جنگ اس طرح ختم کرتے ہیں کہ یوکرین کو روس کے لیے اپنا کوئی علاقہ نہ چھوڑنا پڑے تو وہ انھیں نوبل امن انعام کے لیے نامزد کریں گی۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ہلیری نے یہ بیان 'Raging Moderates' پوڈ کاسٹ میں انٹرویو کے دوران دیا۔ ہلیری نے کہا کہ’ ایمانداری سے کہوں تو وہ (ٹرمپ) اس خوفناک جنگ کو ختم کر سکتے ہیں، اگر وہ اسے اس طرح ختم کریں کہ یوکرین کو جارح ملک (روس) کے لیے اپنی سرزمین نہ چھوڑنی پڑے اور پوتن کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہو سکیں، جو ہم نے آج تک نہیں دیکھا۔ لیکن شاید یہی موقع ہے۔ اگر صدر ٹرمپ اس کے معمار بن گئے تو میں انہیں امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کروں گی۔‘
کلنٹن کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ روسی صدر ولادیمیر پوتن سے تاریخی ملاقات الاسکا کا میں کر رہے ہیں۔ اس ملاقات کا مقصد تین سال سے جاری روس یوکرین جنگ کے خاتمے کا راستہ تلاش کرنا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ پوتن سمجھوتہ کرنا چاہتے ہیں اور ان کے مطابق اس کوشش کے ناکام ہونے کا صرف 25 فیصد امکان ہے۔
ٹرمپ نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں ہلیری کو شکست دی تھی۔ انتخابی مہم کے دوران ہلیری نے ٹرمپ کو ناتجربہ کار بلکہ صدارت کے لیے مزاج کے لحاظ سے بھی غیر موزوںقرار دیا۔ انہوں نے اس وقت ٹرمپ کی پوتن کی تعریف پر بھی تنقید کی تھی، جو یوکرین پر روس کے حملے سے کئی سال پہلے کا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔