امریکہ میں 3 لاکھ قانونی تارکین وطن کا ہیلتھ انشورنس ہوگا بند، ٹرمپ نے قواعد میں کی تبدیلی

’دی واشنگٹن پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے فیصلے کا اثر ان بزرگوں اور معذور تارکین وطن پر پڑے گا، جو کئی برسوں سے امریکہ میں رہ رہے ہیں۔

ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر یو این آئی
i

امریکہ میں مقیم تقریباً 3 لاکھ قانونی تارکین وطن کو سرکاری ہیلتھ انشورنس اسکیم میڈیکیئر سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے نئے قانون کے تحت اس کے قواعد و ضوابط میں تبدیلی کی گئی ہے۔ سوشل سیکورٹی ایڈمنسٹریشن (ایس ایس اے) نے متاثرہ افراد کو انشورنس بند ہونے کی وارننگ دیتے ہوئے نوٹس بھیجنے شروع کر دیے ہیں۔ نئے قواعد 2027 سے نافذ ہوں گے۔ ’دی واشنگٹن پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کا اثر ان بزرگوں اور معذور تارکین وطن پر پڑے گا، جو کئی برسوں سے امریکہ میں رہ رہے ہیں۔ ان میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں، جنہوں نے امریکہ میں کام کیا اور وہاں ٹیکس بھی جمع کرایا۔ اس کے باوجود اب انہیں سرکاری ہیلتھ انشورنس کی سہولت نہیں مل سکے گی۔ 

متاثرہ افراد میں پناہ گزین، امریکہ میں پناہ حاصل کرنے والے افراد، عارضی طور پر رہنے کی اجازت (ٹی پی ایس) حاصل کرنے والے تارکین وطن اور انسانی اسمگلنگ کا شکار افراد شامل ہیں۔ یہ تمام لوگ اپنے ملازمت کے ریکارڈ کی بنیاد پر میڈیکیئر کی سہولت حاصل کر رہے تھے۔ ان میں کچھ ایسے مریض بھی شامل ہیں، جو گردوں کی سنگین بیماری میں مبتلا ہیں اور ڈائیلاسس کے علاج کے لیے میڈیکیئر پر انحصار کرتے ہیں۔ یہ تبدیلیاں جولائی 2025 میں امریکی پارلیمنٹ کے ریپبلکن ارکان کی جانب سے منظور کیے گئے ایچ آر 1 قانون کا حصہ ہیں۔ اسے ’ون بگ بیوٹی فل بل ایکٹ‘ (او بی بی بی اے) بھی کہا جاتا ہے۔


نئے قانون کے تحت اب میڈیکیئر کی سہولت بنیادی طور پر صرف امریکی شہریوں اور تارکین وطن کے کچھ مخصوص زمروں کو ہی ملے گی۔ ان میں گرین کارڈ رکھنے والے افراد، کیوبا اور ہیتی سے آنے والے کچھ تارکین وطن اور خصوصاً بین الاقوامی معاہدوں کے تحت امریکہ میں رہنے والے بعض ممالک کے شہری شامل ہیں۔ قانون کی حمایت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس سے سرکاری اسکیموں کا فائدہ صحیح افراد تک پہنچے گا۔ وہیں تارکین وطن اور صحت سے متعلق تنظیموں نے اس کی مخالفت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ برسوں تک امریکہ میں کام کرنے والوں کو علاج کرانے میں دشواری ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ افراد میں کچھ ایسے بھی ہیں، جن کے گرین کارڈ منظور ہو چکے ہیں، لیکن سرکاری کارروائی میں تاخیر کی وجہ سے انہیں ابھی دستاویزات نہیں ملے ہیں۔ ان لوگوں نے میڈیکیئر میں مجموعی طور پر 6 ارب ڈالر سے زیادہ کا تعاون کیا ہے۔ ایس ایس اے نے نوٹس میں کہا ہے کہ لوگ ہیلپ لائن پر رابطہ کرکے یا اپنی تبدیل شدہ امیگریشن حیثیت سے متعلق دستاویزات جمع کرا کے اس فیصلے کو چیلنج کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے 30 دنوں کا وقت دیا گیا ہے۔ حالانکہ صحت سے متعلق تنظیموں کو خدشہ ہے کہ بہت سے لوگ اس مدت کے اندر اپیل نہیں کر پائیں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔