امریکی سینیٹر نے این ویڈیا کے سربراہ کی واپسی پر ٹرمپ انتظامیہ سے جواب طلب کیا

نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک سینیٹر بکر نے این ویڈیا بورڈ کے چیئرمین ہاروی سی جونز کو خط لکھ کر 16 دسمبر تک جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ آئی اے این ایس</p></div>
i

امریکی سینیٹر کوری بکر نے این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کی کمپنی میں واپسی سے متعلق سوالات کے جواب طلب کیے ہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں امریکی حکومت کے عہدیداروں کے کردار کی تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کمپنی سے یہ بھی وضاحت کرنے کو کہا گیا ہے کہ اس دوران برآمدی کنٹرول اور مسابقت سے متعلق قوانین کے نفاذ کے حوالے سے کوئی بات چیت ہوئی تھی یا نہیں۔ نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک سینیٹر بکر نے این ویڈیا بورڈ کے چیئرمین ہاروی سی جونز کو خط لکھ کر 16 دسمبر تک جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کمپنی سے یکم جنوری 2026 اس معاملے سے متعلق تمام اہم دستاویزات اور ریکارڈ محفوظ رکھنے کو بھی کہا ہے۔

کوری بکر امریکی سینیٹ کی عدلیہ کمیٹی کی اینٹی ٹرسٹ ذیلی کمیٹی میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اعلیٰ رکن ہیں۔ بکر نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا مارکیٹ میں این ویڈیا کی مضبوط پوزیشن اسے ان سرکاری عہدیداروں پر ناجائز اثر و رسوخ ڈالنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے، جن کی ذمہ داری کمپنی کی نگرانی کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ وائٹ ہاؤس کی مداخلت اس طرح کی صورتحال کی عکاسی کرتی دکھائی دیتی ہے۔ سینیٹر نے این ویڈیا سے وفاقی عہدیداروں کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ ان میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے قومی سلامتی کے حوالے سے کرائی گئی یقین دہانیوں کے ساتھ ساتھ کمپنی کے سی ای او جینسن ہوانگ سے متعلق ممکنہ فوجداری تحقیقات یا قانونی جواب دہی کے معاملات بھی شامل ہیں۔


بکر نے یہ بھی جاننا چاہا ہے کہ ہوانگ کے عہدہ چھوڑنے یا دوبارہ ذمہ داریاں سنبھالنے سے کمپنی کی مارکیٹ میں پوزیشن اور اس کے صارفین پر کیا اثر پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو فراہم کیے گئے تجزیوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ سینیٹر کے مطابق این ویڈیا کا سافٹ ویئر ایکو سسٹم اور صارفین کی جانب سے کمپنی میں کی گئی سرمایہ کاری مارکیٹ میں اس کی مضبوط پوزیشن کو مزید مستحکم کر سکتی ہے۔ اس سے صارفین کے لیے چپ بنانے والی دوسری کمپنیوں کی طرف منتقل ہونا مشکل ہو سکتا ہے اور مسابقت متاثر ہو سکتی ہے۔ این ویڈیا نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر جینسن ہوانگ کو دوبارہ کمپنی کا چیئرمین سی ای او اور ڈائریکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی نے کہا تھا کہ ہوانگ کے ساتھ بات چیت کے بعد بورڈ نے یہ فیصلہ کیا۔

کمپنی کے مطابق امریکہ کے اعلیٰ سرکاری عہدیداروں سے ملنے والی تجاویز نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو یہ یقین دلایا کہ ہوانگ کی واپسی سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔ حالانکہ این ویڈیا نے ان عہدیداروں کے نام ظاہر نہیں کیے۔ کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ آزاد ڈائریکٹرز کی جانب سے شروع کی گئی تحقیقات جاری رہیں گی۔ یہ تحقیقات ان خبروں کے بعد شروع کی گئی تھیں، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک غیر ملکی خفیہ ایجنسی نے ہوانگ کو نشانہ بنایا تھا۔ این ویڈیا کے مطابق ہوانگ ان تحقیقات کی حمایت کر رہے ہیں اور ان میں تعاون بھی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے تجارتی ضابطوں کی پابندی اور قومی سلامتی سے متعلق خطرات کی نگرانی کے لیے ایک الگ قومی سلامتی اور برآمدی کنٹرول کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔