حج 2022: طواف افاضہ کی ویڈیو منظر عام پر، مناسک حج کی ادائیگی جاری

انتظامیہ کی طرف سے حجاج کرام کو تحفظ، تکنیکی اور انجینیرنگ رہنمائی فراہم کی کی جا رہی ہے تاکہ حجاج کی ہموار گروپ بندی کو یقینی بنایا جا سکے اور وہ اپنی رسومات کو آسانی اور سہولت کے ساتھ ادا کر سکیں۔

طواف کعبہ، تصویر ٹوئٹر @hsharifain
طواف کعبہ، تصویر ٹوئٹر @hsharifain
user

قومی آوازبیورو

حجاج کرام رمی جمرات کے بعد دھیرے دھیرے طواف افاضہ کے لیے مسجد الحرام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کی طرف سے فراہم کردہ خدمات اور حجاج کرام کو منظم رکھنے کے نظام کے درمیان کئی حجاج کرام نے طواف افاضہ ادا بھی کر لیا ہے۔ اس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس میں فرزندانِ توحید بڑی تعداد میں طوافِ کعبہ کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

اس موقع پر حکومت سعودی عرب کی طرف سے حجاج کرام کو رہنمائی، تحفظ، تکنیکی اور انجینیرنگ رہنمائی فراہم کی کی جا رہی ہے تاکہ حجاج کی ہموار گروپ بندی کو یقینی بنایا جا سکے اور وہ اپنی رسومات کو آسانی اور سہولت کے ساتھ ادا کر سکیں۔


قابل ذکر ہے کہ حجاج کرام کے گروہ گزشتہ نصف شب میں اٹھے تھے اور عید الاضحی کے پہلے دن کی فجر سے پہلے مزدلفہ سے نکل کر منیٰ کی طرف پہنچے جہاں انہوں نے رمی جمرات کی۔ حجاج کرام نے گزشتہ روز عرفات میں وقوف کیا تھا، اور پھر وہاں سے وہ مزدلفہ روانہ ہوئے تھے جہاں سے انہوں نے کنکریاں اکھٹی کیں۔ ان جمع کنکریوں (رمی) سے آج جمرات کو نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ امسال مجموعی طور پر 899353 مرد وخواتین نے فریضہ حج ادا کیا ہے۔ سب سے زیادہ حجاج کرام کا تعلق غیر عرب ایشیائی ممالک سے رہا۔ اس امر کا اظہار امور حج سے متعلق شماریاتی اتھارٹی نے جمعہ کے روز وقوف عرفات کے بعد جاری کردہ اعدا وشمار میں کیا ہے۔ شماریاتی اتھارٹی کی طرف سے جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق تقریباً نو لاکھ حجاج میں 486458 مرد اور 412895 خواتین شامل ہیں۔ مملکت سعودیہ سے تعلق رکھنے والے حجاج کی تعداد 119434 رہی۔


مجموعی طور پر عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے کل حجاج کی تعداد کا 21،4 فیصد ہیں۔ جبکہ عرب دنیا کے علاوہ ایشیائی ممالک سے مجموعی 53،8 فیصد رہی۔ یہ تعداد دنیا کے دیگر تمام خطوں سے زیادہ ہے۔ افریقی ممالک سے عرب دنیا کے مقابلے میں حجاج کی تعداد نسبتا کم رہی۔ یہ تعداد 13.2 فیصد ہے۔ امریکہ، آسٹریلیا اور یورپی ممالک سے فریضہ حج کے لیے آنے والے حجاج کل تعداد کا 11.6فیصد رہے۔

اعداد وشمار جاری کرنے والی اتھارٹی نے ایک اور دلچسپ جائزہ بھی پیش کیا ہے۔ بیرون ملک سے آنے والے 738680 حجاج فضائی سفر کر کے ادائی حج کے لیے پہنچے، 35210 حجاج زمینی راستوں سے حجاز مقدس آئے جبکہ 6029 نے بحری جہاز کا سفر کیا اور ادائی حج کی سعادت حاصل کرنے پہنچے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔