غزہ: القدس اسپتال سے محض 20 میٹر دور پہنچا اسرائیلی ٹینک، دہشت زدہ 14 ہزار لوگ نقل مکانی کو مجبور

ایک طرف اسرائیلی ٹینک القدس اسپتال سے چند میٹر کی دوری پر پہنچ چکا ہے، اور دوسری طرف الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی کارروائی سے اسپتال احاطہ پوری طرح کٹ گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>القدس اسپتال، تصویر Getty Images</p></div>
i

غزہ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اسرائیلی حملہ تیز ہوتا جا رہا ہے۔ اب تک حماس-اسرائیل جنگ کی وجہ سے فلسطین میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار کے پار پہنچ چکی ہے اور فی الحال جنگ بندی کی کوئی صورت بھی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ اس درمیان فلسطینی ریڈ کریسنٹ کے حوالے سے ’الجزیرہ‘ کی ایک رپورٹ میں جانکاری دی گئی ہے کہ اسرائیلی ٹینک غزہ میں القدس اسپتال سے محض 20 میٹر کی دوری پر پہنچ گئے ہیں۔ اسرائیلی ٹینک دیکھ کر لوگوں میں دہشت پھیل گئی ہے اور نتیجہ کار تقریباً 14 ہزار افراد نے نقل مکانی کے لیے قدم اٹھا دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں کے ذریعہ لگاتار گولی باری ہو رہی ہے جس سے ہر طرف خوف کا عالم پیدا ہو گیا ہے۔ غزہ میں موجود ایک دیگر اسپتال ’الشفا‘ کے ڈائریکٹر کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی کارروائی کے سبب اسپتال احاطہ پوری طرح سے کٹ گیا ہے اور کسی بھی چلتے پھرتے شخص کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ حماس-اسرائیل جنگ سے پوری دنیا فکر مند ہے۔ کئی ممالک نے اسرائیل سے جنگ بندی کی اپیل کی ہے، لیکن اسرائیلی حکومت اس کے لیے تیار نہیں ہے۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی کئی ممالک کے سربراہان سے فون پر بات کی اور غزہ کے حالات پر فکر کا اظہار بھی کیا، لیکن اسرائیل کسی کی بھی بات سننے کو راضی نہیں ہے۔ حتیٰ کہ امریکی صدر جو بائڈن نے بھی تین سے زیادہ دنوں کے لیے جنگ بندی کی اپیل اسرائیل سے کی، لیکن اس کا بھی فی الحال کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا۔ اس درمیان سعودی عرب نے اسرائیل اور حماس کی جنگ پر گفت و شنید کے لیے عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے اعلیٰ سطحی سمیلن کی میزبانی کی ہے۔ اس تعلق سے تفصیلات کا ہنوز انتظار ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔