سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کو عدالت نے سنائی 5 سال قید کی سزا، جیل کا وی آئی پی سیکشن بنا ٹھکانہ
پیرس کورٹ کے جج نے ایک مثالی فیصلہ صادر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرکوزی اپنی اپیل کی سماعت کا انتظار کیے بغیر ہی جیل میں سزا کاٹنا شروع کر دیں گے۔ 21 اکتوبر کو سرکوزی اپنی سزا کاٹنے جیل پہنچ گئے۔

فرانس کی ایک عدالت نے سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کو ایک اہم معاملے میں 5 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس پر عمل کرتے ہوئے آج انھیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا۔ عدالت کے ذریعہ نکولس سرکوزی کو سزا سنائے جانے کے بعد فرانس کی سیاست میں ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا، کیونکہ سرکوزی فرانس کے صدر عہدہ پر فائز ہونے والے ایسے پہلے شخص بن گئے ہیں، جنھیں قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ آج وہ پیرس واقع جیل اپنی سزا کاٹنے پہنچے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے سابق صدر کو راجدھانی پیرس واقع لا سینٹے جیل کے خاص سیکشن میں رکھا گیا ہے، جسے عام زبان میں وی آئی پی سیکشن کہا جاتا ہے۔ یہاں وہ اپنے جرم کے لیے 5 سال قید کی سزا کاٹیں گے۔ دراصل سرکوزی کو 2007 کے ایک معاملہ میں قصوروار پایا گیا ہے، جس میں ان پر اپنی انتخابی تشہیری مہم کو لیبیا سے ملی رقم سے فنڈنگ کرنے کے لیے مجرمانہ سازش تیار کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ حالانکہ سابق صدر نے اپنے اوپر لگے سبھی الزامات کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے خود کو بے قصور بتایا ہے۔
اس سے قبل پیرس کورٹ کے جج نے ایک مثالی فیصلہ صادر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرکوزی اپنی اپیل کی سماعت کا انتظار کیے بغیر ہی جیل میں سزا کاٹنا شروع کر دیں گے۔ عدالتی حکم کے بعد نکولس نے اپنی اپیل زیر التوا رہنے تک جیل میں سزا کاٹنے کے فیصلے کی پرزور مخالفت کی۔ انھوں نے ’لا ٹریبیون ڈیمانچے‘ اخبار سے کہا کہ ’’مجھے جیل سے ڈر نہیں لگتا۔ میں اپنا سر اونچا رکھوں گا، لا سینٹے کے دروازے کے سامنے بھی۔ میں آخر تک لڑائی لڑتا رہوں گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔