ہالینڈ کے اسلام مخالف سیاستداں جورم وان حلقہ اسلام میں داخل

جورم وان پیغمبر اسلام کے خاکوں کا متنازعہ مقابلہ کرانے کا اعلان کرنے والے ڈچ سیاستداں گئیرٹ ولڈرز کے دست راست رہ چکے ہیں۔ جورم کے اسلام قبول کرنے کی خبر سے ہالینڈ کا ہر شخص حیران ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ہیگ: ہالینڈ کے اسلام مخالف سیاستدان گیئرٹ ولڈرز کے دیرینہ ساتھی اور سابق دست راست جورم وان کلیویرین نے اسلام قبول کر لیا ہے۔ اس بات کا انکشاف جورم نے خود کیا جس کے بعد ہالینڈ کا سیاسی و سماجی طبقہ حیران و ششدر ہے۔ ہالینڈکی میڈیا میں آج شائع ہونے والی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ ڈچ پارلیمان کے انتہائی دائیں بازو کے ایک سابق رکن اور ماضی میں گیئرٹ ولڈرز کے دست راست سمجھے جانے والے سیاستدان جورم وان کلیویرین نے اسلام قبول کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

وان کلیویرین، گیئرٹ ولڈرز کی سیاسی جماعت فریڈم پارٹی (PVV) کی طرف سے ڈچ پارلیمان کے ایوان زیریں کے سات سال تک رکن رہے تھے اور اس دوران انہوں نے سیاسی سطح پر ایک مذہب کے طور پر اسلام پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس کی ہر ممکنہ حوالے سے مخالفت کی تھی۔اس عرصے کے دوران اپنے بہت سخت گیر موقف کے حق میں دلائل دیتے ہوئے وان کلیویرن نے بیسیوں بار یہ مطالبے بھی کیے تھے کہ ہالینڈ میں برقعے اور مساجد کے میناروں پر پابندی ہونا چاہیے۔انہوں نے یہاں تک کہہ دیا تھا، ’’ہم (اپنے ملک میں) کوئی اسلام نہیں چاہتے۔ اور اگر لازمی ہو تو کم سے کم ممکنہ حد تک۔‘‘

جرمن خبر رساں ادارہ ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق 40 سالہ جورم وان کلیویرین نے کہا ہے کہ وہ اسلام مخالف ایک کتاب لکھ رہے تھے کہ اس عمل کے تقریباًوسط میں ان کا ذہن ہی بدل گیا۔ پھر جو کچھ انہوں نے لکھا، وہ ان اعتراضات کی تردید اور جوابات تھے، جو غیر مسلم اسلام پر ایک مذہب کے طور پر کرتے ہیں۔ وان کلیویرن نے ڈچ اخبار این آر سی کو بتایا، ’’تب تک جو کچھ بھی میں نے لکھا تھا، اگر وہ سچ ہے، تو میری اپنی رائے میں، میں مسلمان ہو چکا ہوں۔‘‘ جورم وان کلیویرن نے اس اخبار کو یہ بھی بتایا کہ انہوں نے گزشتہ برس 26 اکتوبر کو باقاعدہ طور پر اسلام قبول کر لیا تھا۔

ڈچ میڈیا کے مطابق وان کلیویرن کے اس انکشاف نے ہالینڈ میں بہت سے حلقوں کو بالکل حیران کر دیا ہے۔ ایک اخبار نے لکھا ہے، ’’ان کی طرف سے تبدیلی مذہب کے انکشاف سے ان کے دشمن اور دوست دونوں ہی ششدر رہ گئے۔‘‘ ہالینڈ میں مراکشی نژاد مسلمانوں کی مساجد کی تنظیم کے ایک عہدیدار سعید بوہارو نے اخبار ’اے ڈی‘ کو بتایا، ’’یہ (وان کلیویرن کا قبول اسلام) ایک شاندار خبر ہے کہ ایک ایسا شخص جس نے اتنی شدت سے اسلام کی مخالفت کی تھی، اب جان گیا ہے کہ یہ کوئی برا یا غلط مذہب نہیں ہے۔‘‘ سعید بوہارو نے مزید کہا، ’’انہوں نے بڑی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی سطح پر یہ اعلان کیا ہے کہ وہ اب اسلام قبول کر چکے ہیں۔‘‘

خیال رہے کہ ڈچ سیاستدان گیئرٹ ولڈرز وہی اسلام مخالف رہنما ہے، جس نے پیغمبر اسلام کے خاکوں کا ایک متنازعہ مقابلہ منعقد کرانے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اسکے خلاف بہت سے مسلم اکثریتی ممالک میں وسیع تر احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے تھے۔ بعد میں ولڈرز نے اپنا یہ ارادوہ منسوخ کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔