امریکہ میں تیسری بار ملک گیر سطح پر پروازیں متاثر، 2001 اور 2023 میں بھی فضائی خدمات معطل ہوئی تھیں!
امریکہ میں پہلی بار 11 ستمبر 2001 کو دہشت گردانہ حملوں کے بعد اور دوسری بار جنوری 2023 میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازیں روکنی پڑی تھیں۔

امریکی فضائی حدود میں جمعہ کی دوپہر اچانک افراتفری کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ فوری طور پر پروازوں پر پابندی عائد کی گئی اور وجوہات کی جانچ شروع کر دی گئی۔ حالانکہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے، اس سے قبل بھی امریکہ کو 2 مرتبہ اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 13 نومبر 2026 (مقامی وقت کے مطابق) فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے ملک میں تمام گھریلو پروازوں کے ٹیک آف پر روک لگا دی۔ بعد میں ’گراؤنڈ اسٹاپ‘ کو ہٹا لیا گیا۔ اس سے پہلے بھی دو مرتبہ ایسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ پہلی بار 11 ستمبر 2001 کو دہشت گردانہ حملوں کے بعد اور دوسری بار جنوری 2023 میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازیں روکنی پڑی تھیں۔
11 ستمبر 2001 کو امریکہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد ملک کی تاریخ کا سب سے غیر معمولی فضائی فیصلہ لیا گیا تھا۔ نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور پینٹاگون پر طیاروں کے ذریعے کیے گئے حملوں کے بعد امریکی حکام نے ملک بھر میں پروازیں روکنے کا حکم دیا تھا۔ اس دوران طیاروں کو بحفاظت اتارنے اور فضائی حدود کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے گئے تھے۔ دوسری مرتبہ 11 جنوری 2023 کو فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے نوٹس ٹو ایئر مشن (نوٹم) سسٹم میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے ملک بھر میں گھریلو پروازوں کے ٹیک آف پر روک لگا دی گئی تھی۔ اس سسٹم کے ذریعے پائلٹوں کو پرواز سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ سسٹم میں خرابی کے باعث پائلٹوں کو ضروری معلومات فراہم کرنے میں دشواری پیش آئی تھی۔ اس کے بعد ایف اے اے نے احتیاطی طور پر تمام گھریلو پروازیں روک دی تھیں۔ یہ پابندی تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی تھی، جس کے سبب ہزاروں پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔
13 نومبر 2026 کو ایف اے اے نے ایک بار پھر ملک بھر میں پروازوں کے ٹیک آف پر روک لگا دی۔ اس بار ایئر روٹ ٹریفک کنٹرول سینٹروں کے مواصلاتی نظام میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی اس کی وجہ بنی۔ امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے بتایا کہ ملک بھر کے ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کو متاثر کرنے والے مواصلاتی مسئلے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں کسی تخریبی حملے کے آثار نہیں ملے ہیں۔ حالانکہ خرابی کی اصل وجہ کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ اس واقعے نے امریکی ہوابازی کے نظام کے تکنیکی انحصار اور حفاظتی تیاریوں پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
