پہلی بار جمیکا پہنچے وزیر خارجہ ایس جے شنکر، 10 مئی تک کریں گے 3 کیریبین ممالک کا دورہ

جولائی 2025 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے 26 سال کے طویل وقفے کے بعد ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کا دورہ کیا تھا۔ کیریبین خطے میں اسے ہندوستان کی ایک شاندار واپسی قرار دیا گیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>جمیکا پہنچنے پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا کیا گیا شاندار استقبال، تصویر بشکریہ&nbsp;@DrSJaishankar</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

وزیر خارجہ ایس جے شنکر اپنے پہلے سرکاری دورے پر جمیکا پہنچ گئے۔ یہاں وزیر خارجہ کی کیریبین ملک کی قیادت، کاروباری برادری اور ہندوستانی نژاد لوگوں سے بات چیت متوقع ہے۔ ایس جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ جمیکا کے اپنے پہلے دورے کے لیے کنگسٹن پہنچ کر مجھے خوشی ہوئی۔ انہوں نے مزید لکھا کہ وزیر خارجہ کامینا جے اسمتھ کی جانب سے پرتپاک استقبال پر دل سے شکر گزار ہوں۔

وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے یہ بھی کہا کہ انہیں اپنے 2 روزہ دورے کے دوران ہونے والی بات چیت کا بے صبری سے انتظار ہے۔ وزیر خارجہ جے شنکر نے کیریبین ممالک کے اپنے سرکاری دورے میں جمیکا، سورینام، اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کا سہ فریقی سفر شروع کیا ہے۔ یہ دورہ 2 سے 10 مئی کے درمیان ہوگا۔ وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق یہ دورہ 10 مئی تک جاری رہے گا۔ وزارت نے کہا کہ یہ دورہ ان تینوں ممالک کے ساتھ ہندوستان کے گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔


اس غیر ملکی دورے کے دوران، جے شنکر تینوں ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی مفاد کے علاقائی اور عالمی امور سمیت متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ اس دورے کا مقصد جمیکا، سورینام اور ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کے ساتھ ہندوستان کی سیاسی شراکت داری کی رفتار کو برقرار رکھنا اور طویل عرصے سے قائم دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ یہ دورہ جنوب-جنوب تعاون اور ترقی کے حوالے سے مشترکہ عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جولائی 2025 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے 26 سال کے طویل وقفے کے بعد ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کا دورہ کیا تھا۔ کیریبین خطے میں اسے ہندوستان کی ایک شاندار واپسی قرار دیا گیا تھا۔ ٹرینیڈاڈ نے بھی وزیر اعظم مودی کو اپنے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا تھا۔ اس دورے نے دنیا کو ایک گہرا پیغام بھی دیا تھا۔