امارات ائیرلائن کو سابقہ مقامات پر پروازوں کی بحالی میں چار سال لگیں گے

امارات ائیر لائن کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے سے قبل دنیا کے 83 ممالک میں 157 مقامات کے لیے پروازیں چلا رہی تھی۔

سوشل  میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دبئی کی قومی فضائی کمپنی امارات ائیرلائن کے سبکدوش ہونےوالے صدر ٹِم کلارک نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ ان کی فضائی کمپنی کو اپنے تمام سابقہ مقامات اور نیٹ ورک پر پروازوں کی بحالی میں کم سے کم چار سال لگیں گے۔

امارات ائیر لائن کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے سے قبل دنیا کے 83 ممالک میں 157 مقامات کے لیے پروازیں چلا رہی تھی۔مارچ میں اس نے اپنی بیشتر پروازیں معطل کردی تھیں ، طیارے گراؤنڈ کردیے تھے اور صرف چند ایک مقامات کے لیے محدود پیمانے پر پروازیں چلاتی رہی ہے۔


ٹِم کلارک نے سوموار کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ '' میرے خیال میں سال 2024 تک ہم چیزوں کو معمول پر آتا ہوا دیکھ سکیں گے۔امید ہے کہ تب تک امارات اپنے نیٹ ورک پر پروازیں چلا رہی ہوگی اور پہلے کی طرح کامیاب ہوچکی ہوگی۔''

امارات نے گزشتہ روز خبردار کیا تھا کہ وہ اپنی 35 سالہ تاریخ میں سب سے مشکل دور سے گزر رہی ہے۔اس نے اتوار کو کہا تھا کہ اس نے کرونا کی وبا کی وجہ سے اپنے بعض عملہ کو فالتو قرار دے دیا ہے۔


ٹِم کلارک نے کہا کہ''ہوابازی کی صنعت آئندہ سال موسم گرما میں بحال ہونا شروع ہوجائے گی لیکن اس کی شرط یہ ہے کہ کرونا کےعلاج کے لیے ویکسین 2021ء کے اوائل تک بڑے پیمانے پر دستیاب ہوجانی چاہیے۔''مسٹر کلارک اسی ماہ کمپنی کی صدارت سے سبکدوش ہورہے ہیں اور پھر وہ اس کے مشیر بن جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند برسوں کے دوران فضائی سروس کی مانگ میں اضافہ ہوگا اور 2023 یا 2024ء تک ہم پروازوں کی تعداد میں اضافہ ملاحظہ کریں گے،الّا یہ کہ عالمی معیشت کسی اور بڑے صدمے سے دوچار نہیں ہوتی ہے۔


انھوں نے خبردار کیا ہے کہ طیاروں میں سفر کے دوران میں جسمانی فاصلہ معاشی اور ماحولیاتی اعتبار سے قابل عمل نہیں ہے کیونکہ اس کا مطلب آدھے خالی طیارے چلانا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ فی الحال امارات مسافروں کو یہ ہدایت کرتی رہے گی کہ وہ پروازوں میں سفر کے وقت دستانے اور چہرے پر ماسک پہن کر رکھیں۔

بشکریہ ، العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */