ایکواڈور: صدارتی عہدہ کے امیدوار فرنانڈو کا گولی مار کر قتل، ریلی کے بعد سر میں ماری گئیں تین گولیاں

فرنانڈو ولاوسنشیو کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئےا یکواڈور کے صدر گوئیلیرمو لاسو نے کہا کہ ملزمین کو بخشا نہیں جائے گا، انھوں نے سیکورٹی اہلکاروں کی میٹنگ بھی طلب کی ہے۔

فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ایکواڈور کے صدارتی عہدہ کے امیدوار فرنانڈو ولاوسنشیا کا سخت سیکورٹی کے درمیان گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فرنانڈو کے سر میں یکے بعد دیگرے تین گولیاں لگیں جس سے ان کی موت واقع ہو گئی۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب فرنانڈو ریلی کرنے کے بعد کار میں بیٹھ رہے تھے۔ فرنانڈو کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے ایکواڈور کے صدر گوئیلیرمو نے کہا ہے کہ ملزمین کو بخشا نہیں جائے گا۔ انھوں نے سیکورٹی افسران کی میٹنگ طلب کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 59 سالہ صحافی فرنانڈو 20 اگست کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے 8 امیدواروں میں سے ایک تھے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں فرنانڈو سیکورٹی اہلکاروں سے گھرے دکھائی دے رہے ہیں۔ حالانکہ وہ جیسے ہی کار میں بیٹھتے ہیں تو گولیاں چلنی شروع ہو جاتی ہیں۔ اس حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فرنانڈو کے کیمپین منیجر نے بتایا کہ انھیں کافی پہلے سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔


واشنگٹن پوسٹ کے مطابق حملہ آور نے لوگوں کی طرف گرینیڈ بھی پھینکا تھا، حالانکہ وہ پھٹا نہیں۔ رائٹرس کی ایک رپورٹ میں بتایا جا رہا ہے کہ پولیس نے ایک حملہ آور کو پکڑ لیا تھا، حالانکہ سیکورٹی اہلکاروں کی طرف سے کی گئی گولی باری میں اس کی موت ہو گئی۔ فرنانڈو کے کیمپین منیجر جوکیالانڈا نے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایکواڈور میں لگاتار بڑھتے تشدد اور نشے کی اسمگلنگ پر روک لگانے کے لیے ضروری اقدام کریں۔ جوکیالانڈا نے کہا کہ ’’ایکواڈور کے لوگ رو رہے ہیں۔ سیاست کی وجہ سے کسی کی جان نہیں جانی چاہیے۔‘‘

واضح رہے کہ فرنانڈو ایکواڈور کے سابق صدر رافیل کورّیا کے سخت ناقد رہ چکے ہیں۔ اس کے لیے انھیں 18 ماہ جیل میں رہنا پڑا تھا۔ بعد میں وہ ایکواڈور سے پڑوسی ملک پیرو چلے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔