ڈنمارک کی وزیر اعظم فریڈرکسن گرین لینڈ پہنچیں

ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن گرین لینڈ کے مستقبل کے بارے میں بات کرنے کے لیے گرین لینڈ کے دارالحکومت نوک پہنچ گئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن جمعہ کو گرین لینڈ پہنچیں، جہاں وہ جزیرے کے مستقبل پر اہم بات چیت کریں گی۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کے بارے میں اپنا موقف نرم کرتے ہوئے اپنے پہلے بیانات اور الحاق کی دھمکیوں سے پیچھے ہٹنے کا اشارہ دیا ہے۔ وزیر اعظم فریڈرکسن برسلز سے گرین لینڈ کے دارالحکومت نوک پہنچیں۔

برسلز میں انہوں نے یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور ناٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے سے بھی ملاقات کی۔ ڈنمارک کی حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ معلومات کے مطابق ڈنمارک کی وزیر اعظم گرین لینڈ کے وزیر اعظم کے ساتھ جزیرے کے سیاسی اور تزویراتی مستقبل پر بات چیت کریں گی۔ ناٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم فریڈرکسن نے ایکس پر لکھا، "ہم اس بات پر متفق ہیں کہ ناٹو کو آرکٹک کے علاقے میں اپنی شمولیت کو بڑھانا چاہیے۔ آرکٹک میں دفاع اور سلامتی پورے اتحاد کا معاملہ ہے۔"


ان کا بیان آرکٹک خطے کی بڑھتی ہوئی تزویراتی اہمیت کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حال ہی میں کہا تھا کہ انہوں نے ناٹو  کے سربراہ مارک روٹے کے ساتھ گرین لینڈ کے حوالے سے ایک فریم ورک پر اتفاق کیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ گرین لینڈ پر قبضے کے لیے کوئی فوجی طاقت استعمال نہیں کریں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ گرین لینڈ ڈنمارک کی سلطنت کا حصہ ہے لیکن اس کی اپنی خود مختار حکومت ہے۔

ٹرمپ کے بیانات کو ڈنمارک اور گرین لینڈ کے رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی کی علامت کے طور پر دیکھا ہے۔ تاہم بہت سے پالیسی سازوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ٹرمپ مستقبل میں دوبارہ اپنا موقف تبدیل کر سکتے ہیں۔ ایسے میں وزیر اعظم فریڈرکسن کے اس دورے کو نہ صرف سیاسی بلکہ اسٹریٹجک نقطہ نظر سے بھی بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔