وینزویلا میں زلزلے کے سبب اموات کا سلسلہ جاری، مہلوکین کی تعداد 2954 ہوئی، 16209 افراد بے گھر
نیشنل اسمبلی کے صدر جارج روڈرگز نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے وینزویلا میں آئے 2 زلزلوں میں اموات کی تعداد بڑھ کر 2954 ہو گئی ہے۔ جب کہ 16592 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے وینزویلا میں آئے زلزلے کی وجہ سے کافی تباہی ہوئی ہے۔ نیشنل اسمبلی کے صدر جارج روڈرگز نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے وینزویلا میں آئے 2 زلزلوں میں اموات کی تعداد بڑھ کر 2954 ہو گئی ہے۔ جب کہ 16592 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ہفتے کے روز ٹیلی گرام پر روڈرگز کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ وسطی ریاستوں اراگوا، مرانڈا اور لا گوائرا اور مغربی ریاستوں کارابوبو، یاراکوئی اور فالکن میں 6,462 افراد کو بچایا گیا ہے۔
’سنہوا‘ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اپ ڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ 16209 افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ جب کہ 856 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور 190 عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔ افسران کی جانب سے بے گھر اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے 80 عارضی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ ہفتے کے روز کے اپ ڈیٹ کے مطابق زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے 29567 امدادی کارکن تعینات ہیں۔ جن میں بیرون ممالک سے آئے3281 افراد بھی شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 24 جون کو 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلے کے بعد وینزویلا میں 942 آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔ اس درمیان وینزویلا کی کارگزار صدر ڈیلسی روڈرگز نے پہلے 24 جون کو ملک میں آئے طاقتور زلزلوں کے متاثرین کی یاد میں 7 دنوں کے ’قومی سوگ‘ کا اعلان کیا تھا۔
روڈرگز نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’’متاثرین کی یاد میں میں نے آج شام 6 بجے سے 7 دنوں کے لیے ’قومی سوگ‘ کے اعلان کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا تھا کہ ’’گہرے دکھ کی اس گھڑی میں، ہم ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں، جو اس سانحے سے متاثر ہوئے اور ہم ان کے ساتھ رہنے اور ان کی حفاظت کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ ’’تباہ کن زلزلوں کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے وینزویلا کی روح کو گہر صدمہ پہنچا ہے۔‘‘
