’پیارے عثمان ہادی! ہم آپ کو وداع کرنے نہیں آئے ہیں، آپ ہمارے دلوں میں ہیں‘
شریف عثمان ہادی کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے موقع پر محمد یونس نے کہا کہ ’’ہادی گم نہیں ہو جائیں گے، ان کے چھوڑے ہوئے منتر ہمارے کانوں میں گونجتے رہیں گے۔‘‘

لاکھوں نم آنکھوں کے درمیان آج مشہور طلبا لیڈر شریف عثمان ہادی کی تدفین ہو گئی۔ نمازِ جنازہ میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس بھی شامل ہوئے اور اپنے خطاب میں عثمان ہادی کی خوبیاں بیان کرتے نہیں تھکے۔ محمد یونس نے عثمان ہادی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہادکی گم نہیں ہو جائیں گے، ان کے چھوڑے ہوئے منتر ہمارے کانوں میں گونجتے رہیں گے۔ آج لاکھوں لوگ آئے ہیں۔ لوگ بڑی تعداد میں اکٹھا ہو رہے ہیں۔ اس وقت لاکھوں لوگوں کی نظریں یہیں ہیں۔ وہ ہادی کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔‘‘
محمد یونس نے ہادی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’پیارے عثمان ہادی! ہم آپ کو وداع کرنے نہیں آئے ہیں۔ آپ ہمارے دلوں میں ہیں۔ جب تک بنگلہ دیش رہے گا، آپ سبھی بنگلہ دیشیوں کے دلوں میں رہیں گے۔ اسے کوئی نہیں مٹا سکتا۔‘‘ انھوں نے ہادی کی رسومات میں جمع بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں ہادی سے ایک وعدہ کرنے آیا ہوں، جو آپ (عثمان ہادی) نے جو کہا ہے، اسے ہم پورا کریں گے۔ ہم سب مل کر یہ وعدہ کرنے آئے ہیں۔ صرف ہم ہی نہیں، بلکہ ملک کے سبھی لوگ نسل در نسل اس وعدے کو پورا کریں گے۔ ہر کوئی انسانیت کے لیے لیے، آپ کے پیار، آپ کے طور طریقے، آپ کے نشیب و فراز اور آپ کے سیاسی نظریات کی تعریف کر رہا ہے۔ یہ ہمیشہ ہمارے دماغ میں تازہ رہے گا۔‘‘
یہ یاد دلاتے ہوئے کہ شہید عثمان ہادی نے ہمیں ایک ایسا منتر دیا ہے جسے بنگلہ دیش میں کوئی کبھی نہیں بھولے گا، محمد یونس نے کہا کہ ’’آپ کا منتر ہمیشہ ہمارے کانوں میں گونجتا رہے گا۔ یہ ایک عظیم منتر بن جائے گا اور ہمارے ملک سے جڑ جائے گا۔ ہم دنیا میں سر اونچا کر کے چلیں گے، ہم کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ آپ نے ہمیں وہ منتر دیا ہے، ہم اسے پورا کریں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہادی، آپ انتخاب میں حصہ لینا چاہتے تھے۔ آپ نے انتخاب کیسے کرائے جائیں، اس بارے میں ایک طریقۂ کار بھی بتایا ہے۔ آئیے ہم سب مل کر اس طریقۂ کار کو اپنائیں۔ آپ نے ہمیں سب کچھ سکھایا ہے، کیسے تشہیر کرنی ہے، کیسے لوگوں تک پہنچنا ہے۔ ہم نے یہ سبق مان لیا ہے۔‘‘ آخر میں محمد یونس جذباتی انداز میں کہتے ہیں کہ ’’ہادی کہیں گم نہیں ہونے والے۔ آپ کو کبھی کوئی نہیں بھولے گا۔ ہم سب کی طرف سے ہم آپ کو اللہ کے حوالے کرتے ہیں۔ ہم ہمیشہ آپ کی بات مانیں گے اور ملک کی ترقی کے راستے پر چلتے رہیں گے۔‘‘