کینیڈا حکومت نے خالصتانی دہشت گردوں کو فنڈنگ ملنے کی بات تسلیم کی، سرکاری رپورٹ جاری

رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں موجود دہشت گرد تنظیموں نے پُرتشدد سرگرمیوں کے لیے پیسہ اکٹھا کرنا جاری رکھا ہے۔ وہیں حکومت ہند کافی پہلے سے کینیڈا میں خالصتانی دہشت گردوں کو پناہ ملنے کی بات کہتی رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کینیڈا حکومت نے دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ سے جڑی ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں خالصتانی دہشت گرد تنظیموں کو ملک میں ملنے والی فنڈنگ کو لے کر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ کینیڈا کے محکمہ مالیات کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق خالصتانی انتہاپسند گروپوں سمیت کئی دہشت گرد تنظیموں کو سیاسی طور سے متاثر پُرتشدد سرگرمیوں کے لیے کینیڈا کی سرزمین سے فنڈنگ مل رہی ہے۔

ایسا پہلی بار ہوا ہے جب کینیڈا نے اپنے ملک میں خالصتانی دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی کی بات مانی ہے اور انہیں ٖفنڈنگ ملنے کی بھی بات قبول کی ہے۔ کینیڈا کو طویل عرصے سے ببر خالصہ، انٹرنیشنل سکھ یوتھ فیڈریشن اور سکھ فار جسٹس جیسی تنظیموں کا اڈہ مانا جاتا رہا ہے۔ ہندوستان کافی پہلے سے کہتا آیا ہے کہ کینیڈا میں خالصتانی دہشت گردوں کو پناہ ملی ہوئی ہے اور کینیدا حکومت اسے لے کر سنجیدہ نہیں ہے۔


’کینیڈا میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی فنڈنگ کی جوکھم کا جائزہ 2025‘ کے نام سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا میں موجود دہشت گرد تنظیموں نے سیاسی طور سے متاثر پُرتشدد سرگرمیوں کے لیے پیسہ اکٹھا کرنا جاری رکھا ہے۔

’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ کی خبر کے مطابق خفیہ ایجنسیوں نے حماس، حزب اللہ، ببر خالصہ انٹرنیشنل اور انٹرنیشنل سکھ یوتھ فیڈریشن کو کینیڈا سے فنڈنگ ملتے دیکھا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خالصتانی انتہاپسند گروپ ہندوستان کے پنجاب میں ایک آزاد ریاست کے قیام کے لیے پُرتشدد ذرائع کا استعمال کر رہے ہیں۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تنظیم فنڈنگ کے لیے ڈونیشن، ڈرگ اسمگلنگ اور گاڑی چوری جیسے واقعات کو انجام دے رہی ہیں۔ ان تنظیموں کے پاس پہلے کینیڈا میں فنڈ اُگاہی کا بڑا نیٹ ورک تھا، لیکن اب یہ چھوٹے چھوٹے کئی گروپ میں تقسیم ہو گئے ہیں۔

یہ گروپس فنڈنگ کے لیے این پی او اور دیگر ذرائع کا استعمال کرتے ہیں۔ ساتھ ہی مجرمانہ سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے بینکنگ سیکٹر، کرپٹو کرنسی، کراؤڈ فنڈنگ اور مذہبی چندے کا غلط استعمال کرتے ہیں۔


واضح رہے کہ وقت وقت پر کینیڈا میں خالصتانیوں کی موجودگی کے ثبوت ملتے رہے ہیں لیکن ان کے خلاف کارروائی محدود ہی رہی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا کی غیر منافع بخش تنظیموں (این پی او) کے ذریعہ منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنڈنگ کے معاملے کم ہی سامنے آتے ہیں لیکن ایسے کیسز کی ہر معاملے کی بنیاد پر جانچ ہونی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔