فلسطینی شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے: بائیڈن اور نتین یاھو کی فون پرگفتگو

امریکی عہدیدار نے کہا کہ مصر اور اسرائیل غزہ سے امریکیوں اور غیر ملکیوں کے نکلنے کی اجازت دینے کے لیے تیار ہیں لیکن حماس شرائط طے کر رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ غزہ میں آپریشن کے دوران ہزاروں فلسطینی مارے گئے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے اتوار کو اعلان کیا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے امریکی صدر جو بائیڈن سے بات کی ہے۔ فون پر  امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے کہا کہ اگرچہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن اسے ایسا بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق کرنا چاہیے جو شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دیتا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ 23 روز میں 8005 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

جیک سلیوان نے سی این این سے گفتگو میں کہا امریکی انتظامیہ نے شہریوں کے تحفظ کے بارے میں اسرائیلیوں سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس نے شہریوں کو یرغمال بنایا اور شہریوں کے درمیان توپیں رکھ دیں لیکن یہ کوئی بہانہ نہیں ہے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جانا ضروری ہے۔ جیک سلیوان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اسرائیلیوں کو شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کرنے چاہییں۔


امریکی عہدیدار نے کہا کہ مذاکرات پر بات چیت جاری ہے۔ حماس مغویوں کی رہائی کے معاملے پر واضح نہیں ہے۔ سلیوان نے مزید کہا کہ مصر اور اسرائیل غزہ سے امریکیوں اور غیر ملکیوں کے نکلنے کی اجازت دینے کے لیے تیار ہیں لیکن حماس شرائط طے کر رہی ہے۔

جیک سلیوان نے کہا کہ مغربی کنارے میں عربوں پر حملہ کرنے والے آباد کاروں کو کنٹرول کرنے کی ذمہ داری بھی نیتن یاہو کی ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ وہاں احتساب ہو گا۔ اسی طرح فرانس نے اسرائیل سے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی حفاظت کا مطالبہ کیا ہے۔ فرانس کی وزارت خارجہ نے اتوار کو کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں آباد کاروں کے تشدد کو روکنے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ چند دنوں میں متعدد فلسطینی شہریوں کو مغربی کنارے میں جاں بحق کیا جا چکا اور متعدد کو بے گھر کردیا گیا ہے۔


وزارت نے ایک بیان میں مزید کہا کہ فرانس نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی آبادی کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔ آباد کار فلسطینیوں کو مغربی کنارے سے نکالنے کے لیے غزہ کی جنگ کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔