مصر: وقت سے پہلے دی گئی اذانِ مغرب، لاکھوں روزہ داروں کا روزہ ٹوٹا!

مصری شہریوں کا کہنا ہے کہ وقت سے قبل اذانِ مغرب کے نتیجے میں لاکھوں مسلمانوں کا یوم عرفہ کا نفلی روزہ ضائع ہو گیا۔ القرآن چینل نے غلطی کے لیے عوام الناس سے معذرت کی ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

تنویر

مصر میں جمعرات کے روز ایک عجیب واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے مسلم طبقہ حیران ہے۔ دراصل القرآن چینل پر نماز مغرب کی اذان وقت سے پہلے دیے جانے کے نتیجے میں لاکھوں روزہ دار روز توڑ بیٹھے، اور جب انھیں اس بات کا پتہ چلا تو سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ پر شائع ہوئی ایک خبر کے مطابق جمعرات کو یوم عرفہ تھا جس کا لوگ روزہ رکھتے ہیں۔ سبھی روزہ دار دسترخوان بچھا کر روزہ کھولنے کے لیے تیار تھے اور پھر مغرب کی اذان وقت مقررہ سے 4 منٹ قبل دے دی گئی جسے سنتے ہی لاکھوں افراد نے روزہ کھول دیا۔

مغرب کی اذان 4 منٹ پہلے ہونے کی خبر جب حکام کو ملی تو انھوں نے ٹی وی چینل کے عہدیداروں کو تحقیقات اور انکوائری کے لیے طلب کر لیا۔ اب یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آخر یہ غلطی کس طرح سرزد ہوئی۔ تحقیقات شروع ہو چکی ہے اور اب انکوائری مکمل ہونے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ آیا قبل از وقت اذان کسی فنی خرابی سے نشر ہوئی یا یہ کسی شخص کی دانستہ شرارت تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد اس واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی۔


بہر حال، مصر میں قبل از وقت اذانِ مغرب ہونے اور پھر لاکھوں لوگوں کا روزہ ٹوٹ جانے کے بعد سوشل میڈیا پر عوام کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے قبل از وقت اذان نشر کرنے کے واقعے کو اسلامی شعائر کا مذاق اڑانے کے مترادف قرار دیا ہے۔ کئی شہریوں کا کہنا ہے کہ وقت سے قبل اذانِ مغرب نشر ہونے کے نتیجے میں لاکھوں مسلمانوں کا یوم عرفہ کا نفلی روزہ ضائع ہوا۔ اس درمیان القرآن چینل نے وقت سے قبل اذان نشر کرنے کے واقعے پر عوام الناس سے معذرت کی ہے۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ سے ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Jul 2020, 11:11 AM