روس میں زلزلہ کے بعد کم از کم 30 ’آفٹر شاکس‘ محسوس کیے گئے، تازہ ترین حالات پر 7 پوائنٹس میں ڈالیں نظر
زلزلہ کے بعد جاپان اور امریکہ تک میں سنامی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ جاپان کے فوکوشیما جوہری تنصیب کو تو پوری طرح خالی کرا کر اسے بند کر دیا گیا۔

زلزلہ کے بعد آتش فشاں پھوٹنے کا منظر، تصویر سوشل میڈیا
روس کے کامچٹکا میں زلزلہ کے بعد سنامی نے بھی اپنی تباہی کا منظر ہر طرف عام کر دیا۔ اس زلزلہ کا اثر کئی ممالک میں دیکھنے کو ملا اور سوشل میڈیا پر تو کئی ایسی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں عمارتیں تنکوں کی طرح پانی بہتی اور غرق ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلہ کی شدت کسی رپورٹ میں 8.8 اور کسی رپورٹ میں 8.7 درج کی گئی ہے۔ اس زلزلہ کے بعد جاپان اور امریکہ تک میں سنامی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ جاپان کے فوکوشیما جوہری تنصیب کو تو پوری طرح خالی کرا کر اسے بند کر دیا گیا۔ یہ زلزلہ بے حد کم گہرائی پر آیا تھا جس کے بعد سطح پر یکے بعد دیگرے کم از کم 30 ’آفٹر شاکس‘ محسوس کیے گئے۔ اس زلزلہ کے بعد سامنے آئیں اہم خبریں 7 پوائنٹس میں نیچے پیش کی جا رہی ہیں۔
بحرالکاہل میں آئے زلزلہ کے بعد مزید جھٹکوں کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس اندیشہ کے سبب پورے ’پیسفک رِم‘ کو سنامی واچ پر رکھا گیا ہے۔ شمالی کیلیفورنیا کے کچھ حصوں کے لیے سنامی کا الرٹ اب بھی اثرانداز ہے۔ کناڈا کے برٹش کولمبیا سے لے کر امریکہ کے ویسٹ کوسٹ ہوتے ہوئے میکسیکو تک کے پیسفک کوسٹ ریجن کو سنامی ایڈوائزری کے تحت رکھا گیا ہے۔
روس کے کامچٹکا جزیرہ میں آئے زلزلہ کے بعد کلوچیوسکایا سوپکا آتش فشاں میں دھماکہ شروع ہو گیا۔ روسی اکیڈمی آف سائنسز کی جیو فزیکل سروس کے مطابق آتش فشاں کے مغربی ڈھلان سے لاوا بہہ رہا ہے اور اوپر آسمان میں تیز چمک کے ساتھ خاک کا غبار پھیل گیا ہے۔ مسلسل دھماکے ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے علاقے میں خطرے والی حالت بنی ہوئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ایٹمی واچ ڈاگ (آئی اے ای اے) نے بتایا ہے کہ شروعاتی اطلاع کے مطابق بحر الکاہل کے ساحل پر واقع نیوکلیئر پلانٹس کی سیکورٹی پر زلزلہ یا سونامی کا کوئی منفی اثر نہیں پڑا ہے۔ آئی اے ای اے نے یہ بھی کہا کہ وہ حالات پر نظر بنائے ہوئے ہے اور جاپان کی قومی ایجنسیوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
نیشنل سنامی وارننگ سینٹر کے مطابق جنوبی کیلیفورنیا کے ساحل اور کیلیفورنیا-میکسیکو سرحد سے لے کر رِنکان پوائنٹ تک کے لیے جاری کی گئی سونامی وارننگ اب رد کر دی گئی ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ ریاست کے شمالی ساحل پر رِکنان پوائنٹ سے لے کر ہمبولٹ تک اب بھی وارننگ جاری ہے۔
امریکہ کی قومی موسمیاتی سروس (این ڈبلیو ایس) نے وارننگ دی ہے کہ امریکی سرحدوں میں سونامی کا خطرہ ہے۔ تقریباً 50000 کی آبادی والے اس علاقہ میں سمندر کی سطح میں اتار چڑھاؤ اور تیز سمندری بہاؤ خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ یہ خطرہ ساحلی علاقوں، بندرگاہوں اور سمندری پانی کے علاقے میں زیادہ شدید ہو سکتا ہے۔ وارننگ تمام دستیاب اعداد و شمار کی بنیاد پر جاری کی گئی ہے۔
روس کے بعید مشرقی کامچٹکا جزیرہ نما کے افسران نے آج کہا کہ علاقہ واقع ساحل کے قریب آئے 8.8 کی شدت آمیز زلزلہ کے 11 گھنٹے سے زائد وقت بعد سنامی کی وارننگ ہٹا لی گئی ہے۔ زلزلہ کے بعد لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ علاقے کے ہنگامی وزیر سرگئی لیبیدیف نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ’’کامچٹکاعلاقہ کے پیارے مکینوں اور زائرین، ریاستی ہنگامی صورتحال کی وزارت کے ہمارے ساتھیوں نے سنامی کی وارننگ ہٹا لی ہے۔‘‘
انڈین سونامی ارلی وارننگ سینٹر (آئی ٹی ای ڈبلیو سی) نے آج واضح کر دیا ہے کہ روس کے کامچٹکا کے مشرقی ساحل پر آئے 8.7 کی شدت والے زلزلپ کے بعد ہندوستان کے ساحلی علاقوں پر سنامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ آئی ٹی ای ڈبلیو سی نے صبح جاری بلیٹن میں کہا کہ پہلے سے طے شدہ منظرنامے کے ماڈل کی بنیاد پر ہندوستان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ جب تک نئی جانکاری نہیں ملتی، تب تک کوئی نیا بلیٹن جاری نہیں کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔