ہندوستان میں بنگلہ دیش کے نئے ہائی کمشنر ہوں گے اسد عالم سیام، نئی دہلی نے دی منظوری
بنگلہ دیش فارن سروس 1995 میں شامل ہونے والے اسد عالم سیام ایک تجربہ کار سفارت کار ہیں، جنہوں نے گزشتہ برس محمد یونس کی قیادت والی عبوری حکومت میں خارجہ سکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا۔

بنگلہ دیش نے خارجہ سکریٹری اسد عالم سیام کو نئی دہلی میں ہائی کمشنر مقرر کیا ہے۔ ہندوستانی حکومت کی جانب سے بھی انہیں باضابطہ طور پر منظوری دے دی گئی ہے۔ اسد عالم سیام موجودہ ہائی کمشنر ایم ریاض حمیداللہ کی جگہ لیں گے۔ یہ تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب دونوں ممالک کے تعلقات میں گزشتہ کچھ عرصے سے کشیدگی ہے۔ ایسے حالات میں یہ قدم دونوں ممالک کی جانب سے اٹھایا گیا ہے، جو باہمی تعلقات کو دوبارہ بہتر بنانے کی کوششوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کے ایک افسر نے بتایا کہ ڈھاکہ کو اسد عالم سیام کی تقرری کے لیے ہندوستان کی باضابطہ رضامندی مل گئی ہے۔ فی الحال ان کے ہندوستان آنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اس وقت سیام وزیر اعظم طارق رحمان کے ساتھ ’یو این جی اے‘ کے لیے نیویارک میں ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ سیام جلد ہی نئی دہلی آ کر اپنی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ نئی دہلی میں تعینات بنگلہ دیش کے موجودہ ہائی کمشنر ایم ریاض حمیداللہ کی مدت کار ختم ہونے والی ہے۔ حمید اللہ اکتوبر کے وسط میں جنیوا جانے اور اقوام متحدہ میں بنگلہ دیش کے مستقل نمائندے کے طور پر نئی ذمہ داری سنبھالنے کی امید ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے اس سلسلے میں آج (23 ستمبر) باضابطہ بیان جاری کیے جانے کی امید ہے۔ اس معاملے کی تصدیق ہندوستان میں موجود بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے ترجمان سید الرحمن نے بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اسد عالم سیام کی تقرری کے لیے ’ایگریما‘ جاری کر دیا ہے۔ ایگریما کسی ملک کی جانب سے دوسرے ملک کے مجوزہ سفارت کار کی تقرری پر دی جانے والی باضابطہ منظوری ہوتی ہے۔
بنگلہ دیش فارن سروس 1995 میں شامل ہونے والے اسد عالم سیام ایک تجربہ کار سفارت کار ہیں، جنہوں نے گزشتہ برس محمد یونس کی قیادت والی عبوری حکومت میں خارجہ سکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا۔ سیام جون 2025 سے خارجہ سکریٹری ہیں۔ اس سے قبل وہ امریکہ اور آسٹریلیا میں بنگلہ دیش کے سفیر رہ چکے ہیں۔ 24-2023 کے دوران انہوں نے آسٹریا میں سفیر اور 21-2017 کے دوران فلپائن میں سفیر کے طور پر کام کیا۔ انہوں نے میلان (اٹلی) میں بنگلہ دیش کے پہلے قونصل جنرل، مانچسٹر (یو کے) میں اسسٹنٹ ہائی کمشنر اور انڈونیشیا اور تھائی لینڈ میں جونیئر ڈپلومیٹ کے طور پر بھی کام کیا۔ بیرون ممالک میں اپنی تعیناتیوں کے علاوہ انہوں نے پروٹوکول چیف، یورپ اور ای یو ونگ میں ڈائریکٹر جنرل اور خارجہ سکریٹری کے دفتر میں ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کیا۔ اب انہیں دہلی میں اگلا ہائی کمشنر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسد عالم سیام نے بنگلہ دیش اور بیرون ملک میں بڑے پیمانے پر اپنی خدمات دی ہیں۔ وہ ورلڈ بینک، آئی ایم ایف، اے ڈی بی اور یو این میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سیام کے بعد صلاح الدین نومان چودھری کو بنگلہ دیش کا نیا خارجہ سکریٹری بنایا جائے گا۔ اگست 2024 میں شیخ حسینہ حکومت کے اقتدار سے ہٹنے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں تلخی آ گئی۔ ہندوستان کی جانب سے سابق مرکزی وزیر دنیش ترویدی کو بنگلہ دیش میں ہائی کمشنر مقرر کیے جانے کے بعد ڈھاکہ کے اس قدم کو تعلقات میں بہتری کی کوشش کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
