وزیر اعظم مودی کا بنگلہ دیش کے قومی دن پر نیک خواہشات کا اظہار، تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ
وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش کے قومی دن پر عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کو خط لکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا
محمد یونس اور نریندر مودی، تصویر سوشل میڈیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش کے قومی دن کے موقع پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کو خط لکھ کر مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اپنے خط میں وزیر اعظم مودی نے لکھا، ’’عالی جناب، میں بنگلہ دیش کے قومی دن کے موقع پر آپ اور بنگلہ دیش کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن ہماری مشترکہ تاریخ اور قربانیوں کی علامت ہے، جنہوں نے ہماری دوطرفہ شراکت داری کی بنیاد رکھی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ کا جذبہ آج بھی دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے مشعلِ راہ ہے، جس نے مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کے ساتھ دونوں اقوام کو فائدہ پہنچایا ہے۔
وزیر اعظم نے اس خط میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہندوستان بنگلہ دیش کے ساتھ امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’ہم اس شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، جو ایک دوسرے کے مفادات اور خدشات کے احترام پر مبنی ہے۔‘‘
دریں اثنا، صدر دروپدی مرمو نے بھی بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا، ’’میں حکومت، ہندوستان کے عوام اور اپنی جانب سے آپ اور بنگلہ دیش کے دوستانہ عوام کو قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔‘‘
قابلِ ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس 3 اور 4 اپریل کو بینکاک میں ہونے والے بمسٹیک سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔