’امریکہ منمانی کر رہا‘، تیل ٹینکر ضبط کیے جانے کے بعد ٹرمپ-جن پنگ آمنے سامنے، وینزوئیلا کو ملی چین کی حمایت

وہائٹ ہاؤس کے ایک افسر نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ایک نام نہاد شیڈو بیڑے کا حصہ تھا۔ شیڈو بیڑا کشتی کا ایک سیکرٹ نیٹورک ہے، جن میں اکثر پرانے ٹینکر شامل ہوتے ہیں۔

چین امریکہ
i
user

قومی آواز بیورو

چین نے بین الاقوامی سمندری خطہ میں وینزوئیلا کے تیل ٹینکر کو ضبط کرنے کے امریکی فوج کے قدم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منمانی کارروائی ہے۔ چینی وزارت خارجہ نے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ امریکی فوج نے 20 دسمبر کو وینزوئیلا کے ساحل پر ایک ٹینکر کو روک دیا تھا۔ اس تعلق سے اب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان کا بیان سامنے آیا ہے۔

تیل ٹینکر پر قبضہ سے متعلق وہائٹ ہاؤس کا بیان پہلے ہی سامنے آ چکا ہے۔ وہائٹ ہاؤس کے ایک افسر نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ایک نام نہاد شیڈو بیڑے کا حصہ تھا۔ شیڈو بیڑا کشتی کا ایک سیکرٹ نیٹورک ہے، جن میں اکثر پرانے ٹینکر شامل ہوتے ہیں، جو اپنی شناخت چھپا کر ممنوعہ سامانوں (تیل، اسلحے) کو ایک جگہ سے دوسری جگہ تک پہنچاتے ہیں تاکہ بین الاقوامی پابندیوں اور اصولوں کو درکنار کیا جا سکے۔


بہرحال، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے غیر ملکی کشتیوں کو منمانے طریقے سے ضبط کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’چین ہمیشہ ان ناجائز یک طرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے جن کا بین الاقوامی قانون میں بنیاد نہیں ہے اور جو اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے ذریعہ جائز نہیں ہیں۔ وہ ایسے کسی بھی عمل کی بھی مخالفت کرتا ہے جو مشترکہ قومی چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتا ہے، دیگر ممالک کی سالمیت اور سیکورٹی کی خلاف ورزی کرتا ہے یا جن میں یکطرفہ دھمکی دی جاتی ہے۔‘‘ لن جیان کا کہنا ہے کہ وینزوئیلا کو خود مختار طور پر دیگر ممالک کے ساتھ آپسی طور سے منفعت بخش تعاون تیار کرنے کا حق ہے اور چین کا ماننا ہے کہ بین الاقوامی طبقہ اپنے جائز حقوق اور مفادات کی حفاظت کے لیے وینزوئیلا کی حالت کو سمجھتا ہے، اس کی حمایت کرتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ حال میں وینزوئیلا کے قریب سمندری علاقہ میں اپنی فوجی تعیناتی کو مستقل بڑھا رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتہ نکولس مادورو حکومت کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے وینزوئیلا کی معاشی لائف لائن کو ہدف بناتے ہوئے وینزوئیلا میں داخل ہونے اور وہاں سے روانہ ہونے والے سبھی منظور شدہ تیل ٹینکروں کی مکمل ناقہ بندی کا حکم دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔