مصر کی عدالتی تاریخ کا انوکھا واقعہ، جج نے اپنے ہی خلاف سزا کا فیصلہ سنا دیا!

دوسروں کے خلاف فیصلے سنانا تو ججوں کا کام ہے مگر کوئی جج اپنے ہی خلاف فیصلہ سناتے ہوئے خود کو جرمانہ کی سزا سنائے یہ حیران کن ہے

تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

قاہرہ: دوسروں کے خلاف کیسز کے فیصلے سنانا تو ججوں کا کام ہوتا ہے مگر کوئی جج اپنے ہی خلاف فیصلہ سناتے ہوئے خود کو جرمانہ کی سزا سنائے یہ حیران کن واقعہ ہے، جس میں مصر میں ایک عدالت کے جج نے خود کو سزا دے ڈالی۔ مصر کی عدالتی تاریخ میں‌یہ اپنی نوعیت کا انوکھا ترین واقعہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ کونسل کے وائس چیئرمین جسٹس محسن کلوب نے ایک کیس کی سماعت کے دوران اپنے موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر خود کو جرمانہ کی سزا سنائی۔

مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق اسوان میں قائم انتظامی عدالت کے جج نے خود کو 500 مصری پاونڈ جرمانہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ان کے موبائل فون کی گھنٹی بج اٹھی جس کے نتیجے میں ان کی توجہ مقدمہ سے ہٹ گئی۔ انہوں نے فورا خود کو اس کا قصور وار قرار دیتے ہوئے پانچ سو پاونڈ کا جرمانہ کر دیا۔


جسٹس محسن کلوب کے اس اقدام پر دوسرے جج صاحبان، وکلا اور عام شہری بھی حیران رہ گئے کہ ایک جج مقدمات میں سماعت میں اس حد تک سنجیدہ ہے کہ اپنے موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر خود ہی کو مستوجب سزا قرار دیتا ہے۔

خیال رہے کہ جسٹس کلوب دوسرے جج حضرات اور وکلا کو مقدمات کی سماعت کے دوران اپنے فون بند رکھنے کی تاکید کرتے رہتے ہیں۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔