انڈونیشیا میں پھر آیا زلزلہ، ریکٹر پیمانہ پر 5.8 رہی شدت، تین ہفتے میں تیسری بار زلزلہ سے لوگ دہشت زدہ

زلزلہ صبح 7.50 بجے آیا جس کا مرکز مغربی جاوا علاقہ کے سکابومی ضلع سے 22 کلومیٹر جنوب-مشرق میں واقع تھا جس کی گہرائی 122 کلومیٹر تھی، حالانکہ اس زلزلہ میں سنامی لانے کی صلاحیت نہیں تھی۔

زلزلہ، علامتی تصویر یو این آئی
زلزلہ، علامتی تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

جمعرات کو انڈونیشیا کے مغربی جاوا علاقہ میں 5.8 شدت کا زلزلہ آیا۔ یہ جانکاری وہاں کے افسران نے دی ہے۔ شروع میں محکمہ موسمیات، ماحولیاتی سائنس اور اراضی سائنس ایجنسی نے کہا کہ زلزلہ کی شدت ریکٹر پیمانے پر 6.1 درج کی گئی، حالانکہ بعد میں اسے گھٹا کر 5.8 بتایا گیا۔ نیوز ایجنسی شنہوا کی رپورٹ کے مطابق ملک کی راجدھانی جکارتہ میں زلزلہ کے زوردار جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ایک افسر نے شنہوا کو بتایا کہ زلزلہ صبح 7.50 بجے آیا جس کا مرکز مغربی جاوا علاقہ کے سکابومی ضلع سے 22 کلومیٹر جنوب-مشرق میں واقع تھا جس کی گہرائی 122 کلومیٹر تھی۔ ساتھ ہی افسر نے کہا کہ اس زلزلہ میں سنامی لانے کی صلاحیت نہیں تھی۔ پھر بھی اس سلسلہ سے عوام دہشت میں ہیں کیونکہ گزشتہ تین ہفتے کے دوران انڈونیشیا کی زمین تین بار ڈولی ہے، حالانکہ پچھلا زلزلہ شدید نہیں تھا۔


قابل ذکر ہے کہ ایک زلزلہ 21 نومبر کو انڈونیشیا میں آیا تھا جو کافی طاقتور تھا۔ اس زلزلے نے کئی لوگوں کو موت کی نیند سلا دیا تھا۔ انڈونیشیا کے ویسٹ جاوا میں 21 نومبر کو آئے 5.6 شدت کے زلزلہ میں تقریباً 331 لوگوں کی موت ہو گئی تھی جب کہ 1000 سے زائد لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ رواں سال فروری میں بھی مغربی سماترا علاقہ میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 25 لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور 460 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔