24 گھنٹے میں زلزلہ کے 3 شدید جھٹکے، ترکیے سمیت 7 ممالک کی زمین کانپ گئی، مہلوکین کی تعداد تقریباً 2300

ایک طرف تو زلزلہ کی زبردست مار پڑی ہے، اور دوسری طرف موسم بھی اچھا نہیں ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ایپک سنٹر کے آس پاس بچاؤ کام میں کافی مشکلات پیش آنے والی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>زلزلہ کے بعد کا منظر</p></div>

زلزلہ کے بعد کا منظر

user

قومی آوازبیورو

ترکیے میں 24 گھنٹے کے اندر 3 شدید زلزلوں نے تباہی کا عالم برپا کر دیا ہے۔ یہ جھٹکے صرف ترکیے میں ہی محسوس نہیں کیے گئے بلکہ شام، لبنان، عراق، اسرائیل، سائپرس، گریس، جارجیا اور اردن کی زمین بھی کانپتی ہوئی محسوس ہوئی۔ ترکیے میں حالات زیادہ خوفناک دکھائی دے رہے ہیں اور مہلوکین کی تعداد 4 ہندسوں میں پہنچ گئی ہے۔ اس کے بعد شام کا نمبر آتا ہے جہاں اب تک تقریباً 900 افراد موت کی نیند سو چکے ہیں۔ مجموعی طور پر اب تک 2300 سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد تقریباً 5400 ہو گئی ہے۔

ترکیے کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہاں سرد رات اور برفیلی ہواؤں کے درمیان رک رک کر ہو رہی بارش نے لوگوں کو کچھ زیادہ ہی مشکل میں ڈال دیا ہے۔ 7.8 شدت کے زلزلہ سے سینکڑوں افراد کی موت تو ہو ہی چکی ہے، ہزاروں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اموات کی تعداد تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ زلزلہ کے وقت کا منظر انتہائی خوفناک تھا جب لوگ گھروں سے باہر بھاگ رہے تھے، چیخ و پکار مچی ہوئی تھی اور اپنوں کو تلاش کرتی ہوئی آنکھیں ہر طرف دکھائی دے رہی تھیں۔ تقریباً 3000 عمارتیں اس زلزلہ میں زمین دوز ہو گئیں۔ ترکیے کے بعد سب سے زیادہ نقصان شام میں درج کیا گیا ہے۔


اس خبر پر گہری نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں راحت و بچاؤ کا کام بہت مشکل ہے۔ ایک طرف تو زلزلہ کی زبردست مار پڑی ہے، اور دوسری طرف موسم بھی اچھا نہیں ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ایپک سنٹر کے آس پاس بچاؤ کام میں کافی مشکلات پیش آنے والی ہیں۔ زبردست بارش ہونے کے امکانات کو بھی خارج نہیں کیا جا سکتا ہے۔ دن میں جہاں درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری درج کیا جا رہا ہے تو وہیں رات منجمد کرنے والی ہوگی۔ 3 سے 5 سنٹی میٹر تک برف باری کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق زلزلہ کا پہلا جھٹکا 7.8 شدت کا تھا، جبکہ 12 گھنٹے بعد آیا دوسرا زلزلہ 7.5 شدت کا تھا۔ پہلے والے زلزلہ سے متاثر ہزاروں لوگ اب بھی ملبہ میں دبے ہوئے ہیں اور دوسرے زلزلہ نے مزید دہشت کا عالم پیدا کر دیا ہے۔ جو بچ گئے ہیں وہ بری طرح سہمے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ دو زلزلوں کے بعد کوئی گود میں بچہ لے کر دوڑتا دکھائی دیا تو کوئی بکھرے ملبہ میں اپنوں کو تلاش کرتا ہوا۔ انہی سب کے درمیان تیسرا زلزلہ بھی آیا جس کی شدت تقریباً 6 تھی۔ ان تین زلزلوں نے بچاؤ اور راحت کے کام میں مصروف لوگوں پر بھی دہشت طاری کر دی ہے۔ زلزلہ میں ترکیے کا ایک اسپتال بھی منہدم ہو گیا جس سے نوزائدہ بچوں اور مریضوں کو بڑی مشکل سے بحفاظت باہر نکالا گیا۔ شام میں بھی کچھ اسپتالوں کی عمارت متاثر ہوئی جہاں سے مریضوں کو نکال کر دوسرے اسپتال بھیجا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔