میکسیکو کی سپر مارکیٹ میں دھماکے سے بچوں سمیت 23 افراد ہلاک

یہ ایک ایسا روایتی تہوار ہے جس میں اہل خانہ اس دنیا سے گزرجانے والے اپنے پیاروں کو یاد کرتے ہیں۔ رنگ برنگے جلوسوں اور موم بتیوں کی روشنیوں کے درمیان اس حادثے نے تہوار کو سانحہ میں بدل دیا۔

<div class="paragraphs"><p>آگ کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

شمالی میکسیکو کے صوبہ سونارا میں آج تہوار کی خوشیاں اس وقت ماتم میں بدل گئیں جب شہر ہرموسیو واقع سپر مارکیٹ میں خوفناک دھماکے سے کم از کم 23 افراد ہلاک اور11 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دھماکہ بجلی ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث پیش آیا۔ اس حادثہ کا غم اس لئے زیادہ ہے کیونکہ اس وقت پورے ملک میں’ڈے آف دی ڈیڈ‘ منایا جا رہا تھا۔ یہ ایک ایسا روایتی تہوار ہے جس میں اہل خانہ اس دنیا سے گزرجانے والے اپنے پیاروں کو یاد کرتے ہیں۔ رنگ برنگے جلوسوں اور موم بتیوں کی روشنیوں کے درمیان اس حادثے نے تہوار کو سانحہ میں بدل دیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق دھماکے کے بعد مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث متعدد افراد اندر ہی پھنس گئے۔ فائر بریگیڈ نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کی بیرونی دیواریں سیاہ اور کھڑکیاں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ حکام نے عوام سے متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی اپیل کی ہے، جبکہ ’ڈے آف دی ڈیڈ‘ کی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔


صوبہ سونارا کے اٹارنی جنرل گستاو سالاس نے بتایا کہ زیادہ تر اموات زہریلی گیسوں کے درمیان سانس لینے کی وجہ سے ہوئیں کیونکہ آگ لگنے کے بعد بھیانک آتشزدگی میں دھواں تیزی سے پھیل گیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانزک ٹیموں نے لاشوں کا معائنہ شروع کر دیا ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے یا آگ لگنے کی وجہ ممکنہ بجلی کی خرابی بتائی جا رہی ہے۔ تاہم شہر کے فائر چیف نے کہا کہ تحقیقات ابھی جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکہ ہوا تھا یا نہیں۔

سونارا صوبے کے گورنر الفونسو دورازو نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہرموسیو کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے شفاف اور جامع تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وہیں میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینباوم نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔


سونارا ریڈ کراس کے مطابق ان کی ریسکیو ٹیم کے 40 ارکان اور 10 ایمبولینس بچاوکام میں مصروف ہیں۔6 بار زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ فائر ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ آگ پر اب قابو پا لیا گیا ہے تاہم ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔