کینیڈا: وین ڈرائیور نے بھیڑ کو روندا، 10 ہلاک 15 زخمی

ٹورنٹو: کینیڈا کے ٹورنٹو میں آج ایک ڈرائیور نے وین کو بھیڑ میں گھسا دیا جس کی وجہ سے 10 افراد کی موت ہو گئی اور 15 دیگر زخمی ہو گئے۔ پولس کے مطابق واقعہ فنچ ایونیو کے قریب یونگ اسٹریٹ پر پیش آیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سفید رنگ کی وین نے رکاوٹ توڑتے ہوئے جان بوجھ کر راہ گیروں کو ٹکر ماری۔ امدادی کارکنوں نے لاشوں اور زخمیوں کو سنی بروک اسپتال منتقل کیا۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، شہریوں کو جلد آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ متاثرین کے ساتھ ہیں اور صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

واقعے کے بعد یونگ اور فِنچ انٹرسیکشن کو نقل و حمل کے لیے بند کردیا گیا جبکہ ٹورنٹو کی ٹرانزٹ ایجنسی نے کہا کہ اس نے علاقے سے گزرنے والی سب وے لائن عارضی طور پر معطل کردی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ وین ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا۔ ٹورنٹو پولس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

غیر ملکی خبرایجنسی نے کینیڈین نشریاتی ادارے (سی بی سی) کے حوالےسے بتایا ہے کہ وین ڈرائیو کی شناخت 25 سالہ ایلیک میناسیان کے نام سے ہوئی ہے۔ کینیڈین میڈیا کے مطابق ڈرائیور کا تعلق کسی دہشت گرد تنظیم سے نہیں ہے، ملزم نےخود کو سینیکا کالج کا طالب علم اور اونٹاریو کے علاقے رچمنڈ ہل کا رہائشی بتایا ہے۔

ٹورنٹو کا واقعہ المناک اور پاگل پن: ٹروڈو

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے وین ڈرائیور کے راہگیروں کو روندے جانے کے واقعہ کو ملک کی تاریخ کا سب سے زیادہ متشدد، المناک اور پاگل پن کا فعل قرار دیاہے۔ انہوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ٹورنٹو کی پولس اور دیگر نے بغیر کسی جھجھک کے خطرے کا سامنا کیا، مشکل کی اس گھڑی میں اپنی جان کی بازی اور پیشہ ورانہ مہارت سے مزید لوگوں کو محفوظ رکھنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے تمام زخمیوں کے جلد صحتیاب ہونے کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔