یو پی: پیپرلیک تحریک میں سرگرم طلبا لیڈر رِچا سنگھ کو یوگی حکومت نے جیل میں ڈالا

رِچا سنگھ کی گرفتاری کے خلاف سخت رد عمل دیتے ہوئے سماجی کارکن شبنم ہاشمی نے کہا کہ یہ یوگی حکومت کے ذریعہ سبھی مخالفانہ آوازوں کو کچلنے کی شرمناک کوشش ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

بھاشا سنگھ

اتر پردیش کی یوگی حکومت کا طلبا پر تو ظلم جاری ہے ہی، مختلف تحریکوں کو کچلنے کی ان کی کوششیں بھی لگاتار جاری ہیں۔ الٰہ آباد یونیورسٹی طلبا یونین کی سابق صدر رِچا سنگھ کو گرفتار کر کے اس حکومت نے جیل میں ڈال دیا ہے۔ وہ کل یعنی 19 جون کو بقیہ طلبا کے ساتھ پی سی ایس (پروویزنل سول سروسز) میں پیپر لیک ہونے کے خلاف مظاہرہ کر رہی تھیں اور انھیں سات آٹھ لوگوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ ابھی موصول تازہ اطلاعات کے مطابق بقیہ سبھی لوگوں کو چھوڑ دیا گیا ہے لیکن رِچا کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔

رِچا کی گرفتاری کے خلاف سخت رد عمل دیتے ہوئے سماجی کارکن شبنم ہاشمی نے کہا کہ یہ سراسر مخالفانہ آوازوں کو کچلنے کی یوگی حکومت کی شرمناک کوشش ہے۔ پی ایس سی کے امتحان میں پیپر لیک ہونے کی ذمہ داری اٹھانے اور طلبا کے مسائل حل کرنے کی جگہ طلبا پر اس طرح کا ظلم غیر جمہوری قدم ہے۔

اس سلسلے میں الٰہ آباد میں آئیسا کے لیڈر سنیل نے بتایا کہ تقریباً ایک مہینے سے طلبا تحریک کر رہے ہیں اور کمیشن سے مطالبہ کر رہے تھے کہ مین امتحان کی تاریخ آگے بڑھائی جائے۔ لیکن نہ تو کمیشن نے کچھ سنا اور نہ ہی حکومت نے۔ 18 جون سے پی سی ایس کا امتحان شروع ہو گیا۔ 19 جون کے امتحان میں ہندی سبجیکٹ کا پیپر لیک ہو گیا یعنی شام کی سٹنگ کا پیپر صبح میں لیک ہوا تو طلبا کا غصہ پھوٹ پڑا۔ طلبا نے اس بدانتظامی کے خلاف دھرنا و مظاہرہ کیا اور رِچا سنگھ کے ساتھ بقیہ لوگ دھرنے پر بیٹھ گئے۔ حالانکہ امتحان رَد کر دیا گیا تھا لیکن حکومت سننے کو تیار نہیں تھی۔ اسی دوران بس میں آگ لگی اور گرفتاریاں ہوئیں۔

اسی معاملے میں آج صبح رِچا سنگھ کو جیل میں ڈال دیا گیا جب کہ بقیہ گرفتار لوگوں کو چھوڑ دیا گیا۔ غور طلب ہے کہ اس وقت الٰہ آباد یونیورسٹی طلبا یونین کے صدر اوینیش یادو سمیت بقیہ تمام عہدیداران دیگر معاملوں میں جیل میں بند ہیں۔ الٰہ آباد سمیت اتر پردیش کی تمام یونیورسٹیوں میں طلبا تحریک کو بری طرح سے دبانے، گرفتاریاں کرنے میں یوگی حکومت نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ بنارس ہندو یونیورسٹی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بعد اب الٰہ آباد یونیورسٹی بھی نشانے پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔