یوگی حکومت مدارس کے بچوں کو پہنائے گی پینٹ شرٹ

اتر پردیش میں اقلیتی امور کے وزیر محسن رضا کا کہنا ہے کہ کرتا پاجامہ پہننے سے مدارس کے بچوں میں احساس کمتری پیدا ہو جاتی ہے جس کو ختم کرنے کے لیے نیا ڈریس کوڈ لانے پر غور و خوض کیا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مسلم تہذیب سے حد درجہ نفرت کرنے والی یوگی حکومت نے مدارس میں این سی ای آر ٹی نصاب نافذ کرنے کے بعد اب یہاں کے بچوں کے لیے ڈریس کوڈ طے کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق بہت جلد مدارس کے بچوں کو کرتا پاجامہ کی جگہ پینٹ شرٹ پہننا لازمی بنایا جائے گا۔ وزارت برائے اقلیتی امور نے اس سلسلے میں تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔

مدرسوں کو جدید بنانے کے نام پر یکے بعد دیگرے کئی تبدیلیاں کرنے والی یوگی حکومت اب یہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی ظاہری شناخت بھی چھیننے کی کوشش میں ہے۔ اقلیتی امور کے ریاستی وزیر محسن رضا نے اس سلسلے میں پرائیویٹ نیوز ویب سائٹ ’آج تک‘ سے خصوصی بات چیت کی جس میں انھوں نے کہا کہ مدرسوں میں پہنے جانے والے کرتا پاجامہ کی جگہ جلد ہی پینٹ شرٹ کو لازمی بنایا جائے گا۔

محسن رضا کا کہنا ہے کہ مدرسوں میں عموماً کرتا پاجامہ اور خصوصاً اونچے پاجامے پہننے سے طلبا کی ایک الگ شناخت قائم ہوتی ہے جو ایک خاص مذہب کی طرف اشارہ کرتی ہے، اور اس سے بچوں میں احساس کمتری پیدا ہوتی ہے جس کو ختم کرنا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ مدرسوں کے بچے بھی اسکولوں کے بچے کی طرح لگیں اس لیے مدرسوں میں پینٹ شرٹ پہننے یا نئے ڈریس کوڈ سے متعلق غور و خوض چل رہا ہے اور جلد ہی حکومت اس پر کوئی حتمی فیصلہ لے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔