یوم عاشورہ اور 10 محرم تمام مسلمانوں کے لئے اہمیت کا حامل: توقیر عالم فلاحی

علی گڑھ کے شہر مفتی نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ یوم عاشورہ کے دن اپنی تہذیب اور مذہبی روایات کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی طرح کی بدامنی سے دور رہیں۔

تصویر ابو ہریرہ
تصویر ابو ہریرہ
user

ابو ہریرہ

علی گڑھ: 20 ستمبر کو اے ایم یو اولڈ بوائز کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں یومِ عاشورہ سے متعلق جلوس نکالنے کے مقصد سے اہم باتیں ہوئیں۔ اس موقع پر سنی عالم و شعبہ سنی دینیات کے صدر و ڈین فیکلٹی دینیات پروفیسر توقیر عالم فلاحی نے موجود لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ محرم کا مہینہ نہایت ادب و احترام اور اسلامی فرائض کو پورا کرنے کے لئے ہے۔ خاص طور پر 10 محرم کا دن اسلام میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ یہ صرف شیعہ طبقہ کے لئے نہیں بلکہ دنیا کے تمام مسلمانوں کے لئے اہمیت رکھتا ہے کیوں کہ10 محرم کے روز دنیا کے پہلے انسان اور سب سے پہلے نبی حضرت آدم ؑ کی توبہ اللہ کے حضور میں قبول ہوئی تھی،اسی دن حضرت عیسیٰؑ کو آسمان پر اٹھایا گیا تھا، اسی روز حضرت مو سیٰ کی دعاء بھی اللہ کے حضور قبول ہوئی،اسی دن حضرت یونس ؑ کو مچھلی کے پیٹ سے نکالا گیا تھا،اسی10محرم کی تاریخ کو حضرت نوحؑ کی کشتی بھی بحکم اللہ طوفان سے باہر آئی تھی، اور اسی روز نبی کریم ﷺ کے پیارے نواسے حضرت حسین ؓ کو میدان کربلا میں شہید کر دیا گیا جو کہ اسلامی تاریخ میں ایک ایسا سانحہ ہے جس کو عالم اسلام میں رہتی دنیا تک یاد کیا جاتا رہے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس روز تمام مسلمان اپنی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور صبرو ضبظ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام کے عظیم ستون حضرت حسین ؓ کے اسلام پر عمل پیرا رہیں تاکہ اسلامی قانون اوردین حق کو بلند و بالاء مقام حاصل ہو سکے۔

اس موقع پر شہر مفتی مولانا خالد حمید بھی موجود تھے۔ انھوں نے اخبار نویسوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی یوم عاشورہ کے موقع پر متعدد جلوس شہر بھر سے نکل کر کربلاء پہنچیں گے اور اس لیے تمام مسلمانوں سے اپیل ہے کہ جلوس میں شامل ہونے والے سبھی افراد نہایت مہذب ہونے کا ثبوت دیں اور کسی طرح کی نازیبا نعرہ بازی نہ کریں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ سبھی لوگ امن و امان کا پیغام دے کر اس غم کے موقع پر اپنی روایات و اسلامی تہذیب کا مظاہرہ کریں۔ اسلام امن پسندی کا مذہب ہے اور ہم سبھی کو حضرت امام حسین ؓ کی صبر و تحمل والی زندگی سے سبق لینا چاہئے۔

پریس کانفرنس میں شیعہ عالم اور معروف مقرر مولانا صادق عباس نے کہا کہ ’’اسلام ایک ایسا مذہب ہے جو ہمیں امن و امان اور عاجزی کا حکم دیتا ہے۔ تمام مسلمان حضرت امام حسینؑ کی قربانی کو اپنی ذاتی زندگی میں اتاریں اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔‘‘ مولانا صادق نے مزید کہا کہ ’’جھوٹ،مکر و فریب سے دور رہ کر اسلام کے اصل فروغ کی تاریخ دیکھیں کہ دین حق کی پیروی کے لئے امام حسینؑ نے اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ خود بھی جام شہادت نوش فرمایا اور اسلام کو حق پر زندہ رکھنے کا جو کارہائے نمایاں انجام دیا وہ ہم سبھی کے لئے عبرت کا مقام ہے۔ ہم سبھی مسلمانوں کو دین حق پر چلنے کا عزم کرنا چاہئے۔‘‘

اس موقع پر کنوینر محرم کمیٹی مختار زیدی و اولڈ بوائز ایسو سی ایشن کے نائب صدر ڈاکٹر اعظم میر خان نے اے ایم یو انتظامیہ اور خصوصی طور پر ڈین تھیولوجی پروفیسر توقیر عالم فلاحی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے یوم عاشورہ کے تعلق سے دو روز کی چھٹی اے ایم یو کی رکھی تاکہ سبھی مسلمان دو روزے رکھ کر اسلامی تعلیمات پر مکمل طور عمل پیرا ہو سکیں۔ضلع انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا گیا کہ انتظامیہ کی جانب سے شہر میں گذرنے والے تعزیہ جلوس کو سکون اور امن و امان سے گزارنے کے لئے اب مزید تحفظاتی اقدامات کا نظم کیا گیا ہے تاکہ اس دوران تمام طرح کی بد امنی کے امکانات سے بچا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔