شام میں دو سو امریکی فوجی تعینات رہیں گے، وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ وہ شام سے امریکی افواج کی واپسی کے بعد قریب 200 فوجیوں کو بطور امن فورس وہاں تعینات رکھا جائے گا۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں قریب دو سو امریکی فوجی متعین رہیں گے اور بقیہ کو وہاں سے واپس بلا لیا جائے گا۔ اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کی خاتون ترجمان سارہ ساندرز کی جانب سے ایک مختصر بیان جاری کیا گیا جس کے مطابق، ’’قریب 200 فوجیوں پر مشتمل ایک چھوٹا امن مشن شام میں کچھ وقت کے لیے تعینات رہے گا۔‘‘

یہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے درمیان ہونے والی ایک ٹیلی فونک بات چیت کے بعد سامنے آیا۔ سارہ ساندرز کے مطابق دونوں صدور نے ایک ممکنہ سیف زون قائم کرنے کی کوشش جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

رپبلکن پارٹی کے سینیئر سینیٹر لنڈزی گراہم نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوجی شام میں استحکام اور توازن کا باعث ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوجی یقینی طور پر شام میں ایرانی سرگرمیوں پر بھی نگاہ رکھ سکیں گے۔ گزشتہ برس دسمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں تعینات قریب دو ہزار امریکی فوجیوں کے انخلا کا اچانک اعلان کر کے اتحادیوں کو حیران کر دیا تھا۔

اس فیصلے پر اپوزیشن کے علاوہ صدر ٹرمپ کی اپنی سیاسی جماعت ری پبلکن پارٹی کے ارکان کی طرف سے بھی تنقید کی گئی تھی جبکہ اسی باعث وزیر دفاع جِم میٹس نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

فیصلے کے مخالفین کا کہنا تھا کہ اس طرح اچانک شام سے امریکی افواج کی واپسی کے بعض نا قابل اندازہ نتائج مرتب ہو سکتے ہیں جن میں ترکی کی طرف سے امریکی حمایت یافتہ کُرد فورسز کے خلاف حملے کے علاوہ داعش کے ایک بار پھر قوت پکڑنے سے نتائج شامل ہو سکتے ہیں۔

امریکا کی طرف سے شام میں اپنے فوجیوں کی ایک محدود تعداد رکھنے کا مقصد یورپی اتحادیوں کو اس بات راضی کرنا بھی ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے فوجی شام بھیجیں۔ امریکا کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شناہان نے گزشتہ ہفتے جرمن شہر میونخ میں ہونے والی سکیورٹی کانفرنس کے دوران بعض یورپی ممالک کے وزرائے دفاع سے ملاقات کی تھی۔ خیال یہی ہے کہ اس ملاقات کا مقصد ان ممالک کو شام سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد وہاں اپنے فوجی بھیجنے پر راضی کرنا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔