بی جے پی لیڈر نے رَتھ یاترا نکالنے کا کیا اعلان، روکنے پر کچل ڈالنے کی دھمکی

مغربی بنگال بی جےپی مہیلا مورچہ کی سربراہ لاکیٹ چٹرجی کے متنازعہ بیان کی ترنمول کانگریس نے سخت مذمت کی ہے۔ ٹی ایم سی لیڈر پارتھ چٹرجی نے کہا کہ بی جے پی قصداً مغربی بنگال کی فضا خراب کرنا چاہتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اقتدار کے نشے میں چور بی جے پی لیڈران متنازعہ بیانات دینے سے باز نہیں آ رہے ہیں۔ تازہ متنازعہ بیان مغربی بنگال بی جے پی مہیلا مورچہ کی سربراہ لاکیٹ چٹرجی نے دیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ "مغربی بنگال میں جمہوریت کی حفاظت کے لیے ہم رتھ یاترائیں شروع کرنے جا رہے ہیں۔ بی جے پی کی اس رتھ یاترا کو جو بھی روکنے کی کوشش کرے گا وہ رتھ کے پہیے کے نیچے کچل دیا جائے گا۔" انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے ذریعہ اس رتھ یاترا کو نکالنے کا مقصد ریاست میں جمہوریت قائم کرنا ہے۔

دراصل بی جے پی صدر امت شاہ کی قیادت میں پارٹی آئندہ 7، 8 اور 9 دسمبر کو ریاست کے سبھی 42 لوک سبھا حلقوں میں تین رتھ یاترائیں نکالے گی۔ رتھ یاترا کے اختتام پر کولکاتا میں ایک بڑی ریلی منعقد کی جائے گی۔ خبروں کے مطابق اس ریلی کو وزیر اعظم نریندر مودی خطاب کر سکتے ہیں۔ اسی ریلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے لاکیٹ چٹرجی نے یہ متنازعہ بیان دیا ہے۔

لاکیٹ چٹرجی کے اس بیان کی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ٹی ایم سی لیڈر پارتھ چٹرجی نے کہا ہے کہ "بی جے پی لیڈر قصداً مغربی بنگال کے امن اور استحکام کو ختم کرنے کے لیے ایسے بیانات دے رہے ہیں۔ بی جے پی کا اصل مقصد بنگال میں اپنا فرقہ وارانہ ایجنڈا چلانا ہے اور اسی لیے اس کے لیڈران اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔" انھوں نے مزید کہا کہ بنگال کے لوگ بی جے پی کی اس تقسیم کرنے والی سیاست کو شکست فاش دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Nov 2018, 1:09 PM