وویک تیواری کا قتل یو پی پولس پر بدنما داغ: بی جے پی لیڈر کلراج مشر

سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر کلراج مشر کا کہنا ہے کہ ’’ وویک تیواری قتل واقعہ کے بعد عام شہریوں کا پولس کے تئیں نہ صرف بھروسہ ٹوٹا ہے بلکہ ان کے اندرخوف کا ماحول بھی ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دیوریا: ایپل کمپنی کےایریا منیجر وویک تیواری کے قتل کو محکمہ پولس پر ایک بدنما داغ بتاتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کلراج مشر نے پیر کو پولس پر کنٹرول رکھنےکی وکالت کی ہے۔

کلراج مشر نے پیر کو یو این آئی سے کہا کہ ’’ لکھنو میں وویک تیوری کا ایک سپاہی کے ذریعہ گولی مار کر قتل کیا جانا محکمہ پولیس کو شرمسار کرنے والا ہے۔ یہ پولس کی مجرمانہ ذہنیت کا عکاس ہے ۔پولس کو سیدھے گولی مارنے کا حق کس نے دیا ہے۔ حقیقت میں اس حادثے سے اتر پردیش کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے۔ پولس کے اعلی افسران کو اس تکلیف دہ حادثے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد حکومت نے فوری کاروائی کی اور ملزم پولس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے گرفتار کرکے ملزموں کو نوکری سے برخاست کر دیا ہے لیکن اس حادثے کے بعد عام شہریوں کا پولس کے تئیں نہ صرف بھروسہ ٹوٹا ہے بلکہ ان کے اندرخوف کا ماحول بھی ہے۔

بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اس حادثے نے پورے ملک کو محتاط کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولس کو لگام لگانےکے ٹھوس اقدام کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔ ایسی ذہنیت کی پولس اہلکاروں اور افسران کے سابقہ ریکارڈ کی جانچ کے بعد تھانوں یا چوکیوں میں ان کو تعینات کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ سنیچر دیر رات لکھنؤ کے گومتی نگر علاقے میں ایپل کمپنی کے ایریا منیجر وویک تیواری کو دو پولس اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی تھی وویک کے ذریعہ گاڑی نہ روکنے پر انہوں نے وویک پر گولی چلا دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Oct 2018, 7:09 PM